

چنڈی گڑھ، 06 مئی (ہ س)۔ پنجاب کے جالندھر اور امرتسر میں منگل کی رات دو بم دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکہ جالندھر میں بی ایس ایف کیمپ کے باہر ہوا تو کچھ گھنٹوں کے وقفے پر دوسرا دھماکہ امرتسر کنٹونمنٹ کیمپ کے باہر ہوا۔ دونوں دھماکوں میں آئی ای ڈی کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پنجاب پولیس اور بی ایس ایف نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
دھماکے کا پہلا واقعہ جالندھر میں پی اے پی چوک کے پاس بی ایس ایف کیمپ کے باہر ہوا۔ یہ دھماکہ جس ایکٹیوا میں ہوا وہ بی ایس ایف کے سابق جوان کشمیر سنگھ (گاوں گڑھا) کی ہے۔ ان کا اکلوتا بیٹا گرپریت سنگھ کوریئر بوائے کا کام کرتا ہے۔ وہ رات کو ایکٹیوا کھڑی کر کے ہیڈ کوارٹر کے اندر پارسل دینے گیا تھا۔
گرپریت کو پولیس نے بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر میں حراست میں لے لیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جالندھر کی پولیس کمشنر دھن پریت کور اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔ دھن پریت کور کے مطابق اسکوٹی میں آگ لگنے کے بعد ہی دھماکہ ہوا ہے۔ معلومات ملی ہیں کہ اسکوٹی پر 2 نوجوان آئے تھے، دونوں کو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے حراست میں رکھا ہے۔ فارینسک ٹیمیں جانچ میں مصروف ہیں۔
ڈلیوری بوائے گرپریت سنگھ عرف کرس نے پولیس پوچھ گچھ میں بتایا کہ وہ پارسل دینے نہیں بلکہ لینے آیا تھا۔ ایکٹیوا فٹ پاتھ پر کھڑی کی اور گیٹ پر پارسل دینے کے لیے فوجی کو کال کی۔ وہ انتظار کر رہا تھا، تبھی ایک نوجوان پاس سے گزرا۔ کچھ دیر بعد دھماکہ ہو گیا۔
رات میں ہی جانچ ایجنسیاں بی ایس ایف سے ریٹائرڈ کشمیر سنگھ کے گڑھ میں واقع سڑک محلہ پہنچیں۔ یہاں گرپریت کے بارے میں معلومات اکٹھی کی گئیں۔ پتہ چلا کہ وہ اپنے ممیرے بھائی کو گھر چھوڑ کر براہِ راست بی ایس ایف چوک آیا تھا۔ جانچ کے بعد ٹیم واپس لوٹ گئی۔
اس واقعے کے کچھ گھنٹوں بعد رات تقریباً 11.15 بجے امرتسر کے خاصا میں واقع آرمی کیمپ کے باہر بم دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی اطلاع کے بعد فوج کے اعلیٰ افسران اور امرتسر کے ایس ایس پی دیہی سہیل میر بھی پہنچے۔ کئی گھنٹوں تک پولیس نے امرتسر میں ہوئے دھماکے کی تصدیق نہیں کی۔
بدھ کی علی الصبح جانچ مکمل ہونے کے بعد ایس ایس پی نے بتایا کہ خاصا روڈ پر خاصا میں کینٹ ایریا کی دیوار کے باہر دھماکے کی اطلاع ملی تھی۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ کسی شخص نے باہر سے کوئی دھماکہ خیز شے اندر پھینکی ہے۔ ٹین کے ساتھ ٹکرانے سے دھماکہ ہو گیا، جس سے بی ایس ایف کیمپ کا ٹین شیڈ اڑ گیا۔ ایف ایس ایل کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے نمونے جمع کر لیے ہیں۔ جانچ کے بعد ہی واضح ہوگا کہ دھماکوں میں کس قسم کا مواد استعمال کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن