
رائے بریلی، 6 مئی (ہ س)۔اتر پردیش کے رائے بریلی میں پولیس نے بدھ کو دو الگ الگ انکاؤنٹر میں سات شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے ۔ اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ میں تین بدمعاشوں کو ٹانگ میں گولی لگی ہے جو ضلع اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔ پولیس نے بدمعاشوں کے قبضے سے جل جیون مشن سے چوری کی گئی پیتل کے نلکوں کی دس بوریوں سمیت کئی ہتھیار برآمد کئے ہیں۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آلوک سنگھ نے بتایا کہ بدھ کی رات تقریباً 2 بجے مخبر کی بالکل درست اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈیہہ تھانہ علاقے کے ڈیہ قصبے کے قریب گھیرا بندی کی ، جس دوران کار میں سوار ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں کار میں سوار اکشت مشرا اور موہت آریہ کی ٹانگ میں گولی لگی۔ ان کے ساتھ ان کے تین ساتھیوں سنتوش، ابھیشیک اور اروند کو بھی جائے وقوعہ پر گرفتار کر لیا گیا۔
آلوک سنگھ کے مطابق، ان بدمعاشوں نے جل جیون مشن کے گودام پر دھاوا بول کر پیتل کے نلکوں کو لوٹ لیا تھا اور دو چوکیداروں کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تصادم چل ہی رہا تھا کہ بھدوکھر تھانہ علاقے میں بھدوکھر نہر پلیا کے قریب بھی بدمعاشوں کے موجود ہونے کی خبر ملی ۔
پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو بدمعاشوں نے فائرنگ کر دی ۔ سرائے مانک کا رہنے والا پریاگ راج ساہو پولیس کی گولی سے زخمی ہوگیا، جب کہ اس کے ساتھی سورج، جو ڈیہ کا رہنے والا ہے ، کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے جل جیون مشن سے لوٹے گئے پیتل کے نلکوں کی دس بوریاں، تین غیر قانونی پستول، دو زندہ کارتوس اور تین خالی کارتوس، ایک فور وہیلر اور واردات میں استعمال ہونے والا ایک ای رکشہ لوڈر بدمعاشوں کے قبضے سے برآمد کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد