
بیورلی ہلز6 مئی ( ہ س )۔ فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ورلڈ کپ 2026 کے مہنگے ٹکٹوں کا دفاع کیا ہے۔ بیورلی ہلز میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے قوانین کے تحت ٹکٹوں کو اصل قیمت سے کہیں زیادہ پر دوبارہ بیچا جا سکتا ہے، اس لیے فیفا کو مارکیٹ کے مطابق قیمت رکھنی پڑتی ہے۔ فٹبال شائقین کی تنظیم فٹبال اسپورٹرز یورپ (ایف ایس ای) نے ان قیمتوں کو بہت زیادہ اور شائقین کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے، اور اس معاملے پر یورپی کمیشن میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، نیویارک میں 19 جولائی کو ہونے والے فائنل کے کچھ ٹکٹ فی ٹکٹ 20 لاکھ ڈالر تک فروخت کے لیے رکھے گئے تھے۔
انفینٹینو نے کہا کہ اتنی زیادہ قیمتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ورلڈ کپ دیکھنے کی مانگ بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اتنی مہنگی ٹکٹ خریدتا ہے تو وہ خود اسے ہاٹ ڈاگ اور کوک دیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ: 2022 قطر ورلڈ کپ میں فائنل کا سب سے مہنگا ٹکٹ تقریباً 1600 ڈالر تھا جبکہ 2026 میں اس کی قیمت تقریباً 11000 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انفینٹینو کے مطابق اگر فیفا ٹکٹ سستے رکھے گا تو لوگ انہیں خرید کر مہنگے داموں بیچ دیں گے اس لیے قیمتیں مارکیٹ کے مطابق رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ
2026 ورلڈ کپ کے لیے 50 کروڑ سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں آئیں جبکہ 2018 اور 2022 میں یہ تعداد 5 کروڑ سے بھی کم تھی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ تقریباً 25 فیصد گروپ میچز کے ٹکٹ 300 ڈالر سے کم ہیں اور امریکہ میں عام کھیلوں کے ٹکٹ بھی اکثر اس سے مہنگے ہوتے ہیں
فیفا کا کہنا ہے کہ ٹکٹ مہنگے اس لیے ہیں کیونکہ مانگ بہت زیادہ ہے اور مارکیٹ اسی طرح کام کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد