
نئی دہلی / ممبئی ، 6 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی قومی صدر سنیترا پوار نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے نائب صدر جمہوریہ اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کرکے اپنا استعفیٰ پیش کیا۔سنیترا پوار کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی ان کے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔ حال ہی میں منعقدہ بارامتی ضمنی انتخاب میں انہوں نے ریکارڈ اکثریت کے ساتھ اسمبلی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی، جس کے بعد رکن اسمبلی منتخب ہونے پر انہوں نے راجیہ سبھا کی نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔قانون کے مطابق اگرکوئی شخص دو مختلف ایوانوں کے لیے منتخب ہوتا ہے تو اسے 14 دن کے اندر کسی ایک ایوان کی رکنیت سے استعفیٰ دینا ضروری ہوتا ہے۔ اسی ضابطے کے تحت اسمبلی انتخاب کے نتائج کے اعلان کے فوراً بعد سنیترا پوار نے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے بارامتی اسمبلی ضمنی انتخاب میں حصہ لیا اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔سنیترا پوار کی راجیہ سبھا رکنیت کی مدت ابھی مزید دو برس باقی تھی، تاہم اب ان کے استعفیٰ کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس بات پر بحث شروع ہو گئی ہے کہ این سی پی کی جانب سے اس خالی نشست پر کس شخصیت کو نامزد کیا جائے گا۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس نشست کے لیے ضمنی انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سنیترا پوار کے استعفیٰ سے پہلے ہی ان کے بیٹے پرتھ پوار بھی رکن پارلیمنٹ بن چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ ہی پرتھ پوار نے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا تھا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے