
نوئیڈا، 06 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں نالی کے تنازعہ میں اپنے پڑوسی کا گولی مار کر قتل کرنے والے ملزم کو تھانہ سورج پور پولیس نے تصادم کے دوران آج صبح گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے چلائی گئی گولی اس کے دونوں پیروں میں لگنے سے وہ زخمی ہو گیا۔ جبکہ اس کا ایک دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے میں استعمال شدہ غیر قانونی اسلحہ اور ایک کار برآمد کر لی ہے۔
پولیس کمشنر محترمہ لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج وجے کمار گپتا نے بتایا کہ موضع ساقی پور میں نالی اور کوڑا ڈالنے کے تنازعہ کو لے کر ہوئے 25 سالہ نوجوان ساجن کے قتل کے معاملے میں مطلوب بدمعاشوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 4 ٹیمیں مسلسل چھاپے ماری کر رہی تھیں۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ ساجن کے قتل میں مطلوب منگیش اور اس کے ساتھی ایک کار میں سوار ہو کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے لائن کے کنارے کچی سڑک پر پولیس نے بیریئر لگا کر چیکنگ شروع کی۔ ایک کار پولیس کو آتی ہوئی نظر آئی۔ پولیس نے جب کار کا پیچھا کیا تو کار سے اتر کر دو بدمعاش بھاگنے لگے اور انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی گولی چلائی۔ گولی لگنے سے ایک شخص گر گیا۔ اس کے دونوں پیروں میں گولی لگی۔ نام و پتہ پوچھنے پر اس نے اپنا نام منگیش عرف ٹلو ولد آنجہانی کالو رام ساکن موضع ساقی پور بتایا۔ اس کی عمر 31 سال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کا دوسرا ساتھی جنگل کی طرف موقع کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ زخمی بدمعاش کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ اس کے پاس سے پولیس نے ایک غیر قانونی پستول، 2 کارتوس وغیرہ برآمد کیے ہیں۔ زخمی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے پڑوسی ساجن ولد ریتیش (عمر 25 سال) کا غیر قانونی پستول سے گولی مار کر قتل کیا تھا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ اس معاملے میں مطلوب دیگر بدمعاشوں کی پولیس تلاش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن