
نوئیڈا، 6 مئی (ہ س)۔ نوئیڈا کے تھانہ سیکٹر24 علاقے کے سیکٹر22 واقع چوڑا رگھو ناتھ پور گاو¿ں میں ایک نوجوان اور اس کی معشوقہ کی چھت سے گرنے کے معاملے میں پولیس نے بدھ کو مکان مالک اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے ۔ دونوں کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے میں نوجوان کی موت ہو گئی، جبکہ لڑکی اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
سیکٹر 24 پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر سبودھ کمار نے بتایا کہ پیر کی صبح تقریباً 5 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ سیکٹر 22 میں ہنومان مندر کے قریب رہنے والے پونیت (26) اور کماری ودیا داس (20) نے مبینہ طور پر خودکشی کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے مکان کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی ہے۔ پولیس نے دونوں کو تشویشناک حالت میں علاج کے لیے نوئیڈا ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا۔ تاہم، ڈاکٹروں نے پونیت چوہان کو مردہ قرار دیا، جب کہ ودیا داس کی حالت تشویشناک ہے۔ وہ دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی کے والد کرشنا پال نے بدھ کو سیکٹر 24 پولیس اسٹیشن میں مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کرایا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ چوڑا رگھوناتھ پور گاو¿ں کا رہنے والا ہتیش رانا اور اس کی بیوی چنچل رانا اس واقعے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی پونیت چوہان میرٹھ کا رہنے والا تھا جبکہ ملزم چنچل رانا بھی میرٹھ کا رہنے والا تھا۔ کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران وہ رابطے میں تھے۔ تھوڑے دنوں پہلے چنچل رانا نے اپنی سالگرہ منائی اور پونیت نے سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں مبارکباد دی۔ اس دوران ان کی ملاقات ہوئی۔ ہتیش رانا کو بیوی پر شک ہو گیا۔ اس نے پونیت کو واقعہ کے دن چوڑا گاو¿ں میں اپنے گھر پر بات کرنے کی دعوت دی۔ پونیت اپنی گرل فرینڈ ودیا کے ساتھ پہنچے۔ جھگڑا ہوگیا۔ پونیت اور ودیا نے ہتیش رانا کے گھر رات گزاری۔ اگلی صبح دونوں چھت سے گرے ہوئے پائے گئے۔ اس واقعے میں پونیت کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مجرمانہ قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے روز پولیس اسے خودکشی کا معاملہ سمجھ رہی تھی لیکن بعد میں یہ قتل کا معاملہ نکلا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ