
نوئیڈا، 06 مئی (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں تھانہ سورج پور علاقے کے موضع ساقی پور میں رہنے والے ایک 25 سالہ نوجوان کو آج علی الصبح اس کے پڑوسی نے گولی مار دی۔ اس واقعے میں اس کی موت ہو گئی۔ پولیس افسران کے مطابق متوفی اور ملزم کے درمیان نالی کی صاف صفائی اور کوڑا ڈالنے کو لے کر تنازعہ تھا۔ واقعے کی رپورٹ درج کر کے پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ملزم فرار ہو گیا ہے، پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج وجے کمار گپتا نے بتایا کہ 6 مئی کو صبح کے وقت پولیس کو اطلاع ملی کہ موضع ساقی پور میں رہنے والے ایک شخص کو گولی ماری گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، پولیس کو پتہ چلا کہ زخمی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، وہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
جانچ کے دوران پولیس کو پتہ چلا ہے کہ ساجن (عمر تقریباً 25 سال) ایک شادی کی تقریب میں شرکت کر کے آج صبح گھر لوٹا تھا۔ تبھی اس کے پڑوسی منگیش نے ساجن پر قتل کرنے کی نیت سے تابڑ توڑ گولیاں چلائیں۔ ساجن کو 3 گولیاں لگیں اور اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں متوفی کے اہل خانہ کی شکایت پر قتل کی رپورٹ درج کر کے پولیس کی 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس کی ٹیمیں مسلسل چھاپے ماری کر رہی ہیں۔ کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ جلد ہی ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ اس واقعے سے موضع ساقی پور میں کشیدگی ہے اور موقع پر بھاری پولیس فورس تعینات ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن