
امپھال، 05 مئی، (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چلائی گئی الگ الگ مہمات میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہتھیار برآمد کیے ہیں اور دو سرگرم شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔
منگل کو دی گئی سرکاری معلومات کے مطابق، تھوبل ضلع کے تھوبل تھانہ کے تحت لیشانگ تھیم ایکوپ پٹ علاقے میں چلائی گئی تلاشی مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد کیا۔ برآمد شدہ سامان میں ایک ایس ایم جی کاربائن میگزین سمیت، چار بولٹ ایکشن رائفل، ایک 9 ایم ایم پستول میگزین سمیت اور تین زندہ کارتوس شامل ہیں۔
ایک اور کارروائی میں سنگجامئی تھانہ میں درج ایک معاملے کی تفتیش کے دوران سیکورٹی فورسز نے کے وائی کے ایل کے ایک سرگرم رکن کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ گرفتار شدت پسند کی شناخت مائبام رومیوں سنگھ (52) عرف رونالڈ کے طور پر ہوئی ہے، جو امپھال مشرقی ضلع کے سنگجامئی وانگما چیتری لیکائی مونگ کھانگ لامبی کا رہائشی ہے۔ اس کے پاس سے ایک موبائل فون اور آدھار کارڈ برآمد کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے، کاکچنگ ضلع کے وائیکھونگ تھانہ کے تحت انڈو-برما سوگنو روڈ پر واقع کاکچنگ کھنو لامکھائی علاقے سے کے سی پی (ابونگو نگانگومبا گروپ) کے ایک سرگرم شدت پسند کو گرفتار کیا گیا۔ اس کی شناخت لیشرام انل عرف چارا سنگھ (34) کے طور پر ہوئی ہے، جو امپھال مغربی ضلع کے چانگانگئی میائی لیکائی کا رہائشی ہے۔ اس کے پاس سے ایک موبائل فون اور (ایم این 01 اے ایکس-9290 رجسٹریشن نمبر والی) ہونڈائی آئی 20 کار ضبط کی گئی۔ سیکورٹی فورسز ریاست میں شدت پسند سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے مسلسل مہم چلا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن