
نئی دہلی، 4 مئی (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے مشرقی دہلی کے ویسٹ ونود نگر میں آئی سی آئی سی آئی بینک کے اے ٹی ایم کو گیس کٹر سے کاٹ کر تقریباً 19.32 لاکھ روپے چوری کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس شخص کی شناخت 26 سالہ رابن کے طور پر کی گئی ہے، جو پلول، ہریانہ کا رہنے والا ہے۔ وہ بدنام زمانہ بین ریاستی اے ٹی ایم کاٹنے والے عمران میواتی گروہ سے وابستہ ہے۔ پولیس نے ملزم سے جرم میں استعمال ہونے والی سوئفٹ ڈیزائر کار اور 22,500 روپے کی مسروقہ رقم برآمد کر لی ہے۔
کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیسپنکج کمار نے پیر کوبتایا کہ منڈاولی تھانے میں 30 اپریل کو ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ یہ شکایت ہٹاچی پیمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے قانونی مشیر گورو بیسلا نے درج کروائی تھی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ 22لاکھ روپے ویسٹ ونود نگر میں واقع آئی سی آئی سی آئی بینک کے اے ٹی ایم میں 29 اپریل کو دوپہر 2:11 بجے ڈالے گئے تھے۔ صارفین کے ذریعہ 2.67لاکھ روپے نکالے جانے کے بعد 19.32 لاکھ مشین میں رہ گئے۔
الزام تھا کہ 29 اور 30اپریل کی درمیانی رات 3 بجے سے 3:20 بجے کے درمیان، بدمعاشوں نے اے ٹی ایم مشین کو گیس کٹر سے کاٹ کر تمام نقدی نکال لی اور فرار ہوگئے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرائم برانچ کی این ڈی آر ٹیم نے جانچ شروع کی۔ انسپکٹر وویک ملک کی قیادت میں ٹیم نے جائے وقوعہ اور آس پاس کے علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ تکنیکی تحقیقات اور مقامی انٹیلی جنس کی بنیاد پر یہ بات سامنے آئی کہ پلول کے رہائشی عمران، رابن اور بھورا اس واردات میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر ر ہاتھا اور موبائل فون بھی بند رکھتا تھا۔ تکنیکی نگرانی کے بعد اسے راجستھان کے بھرت پور میں جال بچھا کر گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ اس نے بتایا کہ تقریباً 20 روز قبل گاﺅں کے رہائشی عمران نے اسے بھاری رقم کا لالچ دے کر گینگ میں شامل کیا تھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمران عرف عمران میواتی ایک بدنام زمانہ بین ریاستی اے ٹی ایم کٹر ہے، جس کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں میں 25 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس اب اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد