
لکھنو،31مئی (ہ س)۔ اتر پردیش میں موسم میں اتار چڑھاو جاری ہے۔ اتوار کی صبح ہلکی ہوا چلی لیکن دوپہر تک ریاست کے دارالحکومت لکھنو سمیت کئی اضلاع میں موسم نے اچانک کروٹ لی۔ تیز ہوائیں چلنے لگیں اور بارش شروع ہو گئی۔ ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
دارالحکومت لکھنو میں گزشتہ دو دنوں سے ہلکی ہواوں اور بوندا باندی سے لوگوں کو گرمی اورحبس سے کچھ راحت ملی ہے۔ تاہم اتوار کو موسم اچانک یکسر بدل گیا۔ صبح سے چلنے والی ہلکی ہواوں سے لگ رہاتھا کہ موسم کسی بھی وقت بدل سکتا ہے اور دوپہر کے وقت بالکل ایسا ہی ہوا۔ اتوار کی دوپہر کو اچانک تیز ہوائیں چلنے لگیں اور بادلوں نے سورج کو ڈھانپ دیا۔ سڑکوں پراندھیرے اور گردوغبار چھاجانے سے کچھ دیر کے لیے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ لکھنو میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی، جب کہ ریاست کے دیگر اضلاع بشمول سیتا پور، بارہ بنکی، سنبھل، مرادآباد، ہاتھرس، گونڈا اور بلرام پور میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ مغربی اتر پردیش کے شاہجہاں پور، فیروز آباد، فرخ آباد، علی گڑھ اور بلند شہر میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی اور یہ مزیدیہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے لکھنو مرکز کے سینئر سائنسدان اتل کمار سنگھ کے مطابق، اتر پردیش کو ایک فعال مغربی خلل اور بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے نمی کی مسلسل آمد کی وجہ سے ریاست کے موسم میں بار بار اور تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجدھانی سمیت اتر پردیش کے بیشتر حصوں میں پیر کو بادل چھائے رہیں گے۔ محکمہ موسمیات نے کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی