
15 جون تک آن لائن درخواستیں ہوں گی، ریاست سے اسمبلی سطح تک سوشل میڈیا وارئیرس منتخب کئے جائیں گے
بھوپال، 31 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کانگریس سوشل میڈیا محکمے نے نوجوانوں، بیدار شہریوں اور سوشل میڈیا پر سرگرم انفلوئنسرس کو تنظیم سے جوڑنے کے مقصد سے ’سوشل میڈیا وارئیرس‘ مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے تحت ریاستی، ضلع اور اسمبلی سطح پر سوشل میڈیا وارئیرس کا انتخاب کیا جائے گا، جو کانگریس کے نظریات اور عوامی مفاد کے مسائل کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر موثر طریقے سے آگے بڑھانے کا کام کریں گے۔
دارالحکومت بھوپال میں واقع ریاستی کانگریس دفتر کے راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں اتوار کے روز منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اسی کے ساتھ آن لائن درخواست کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ خواہشمند شرکاء گوگل فارم کے ذریعے 15 جون 2026 تک درخواست دے سکیں گے۔ مہم کا مقصد آئین اور جمہوری اقدار میں یقین رکھنے والے شہریوں کو کانگریس تنظیم سے جوڑنا اور انہیں سماجی و سیاسی امور میں سرگرم شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو تنظیم سے جوڑنے کا ایک آسان اور شفاف پلیٹ فارم مہیا کرایا جائے گا۔
مہم کے تحت رائٹرز، ڈیزائنرز، ویڈیو ایڈیٹرز، کارٹونسٹ، شعراء، مصنفین، بلاگرز، موٹیویشنل اسپیکرز، سوشل ورکرز، لوک فنکاروں اور دیگر تخلیقی شعبوں سے وابستہ لوگوں کو بھی تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ ساتھ ہی خواتین، نوجوانوں اور عوامی مسائل سے متعلق موضوعات پر کام کرنے والے لوگوں کو اپنی بات رکھنے اور تعاون دینے کا موقع ملے گا۔
انتخاب کا طریقہ کار یہ رہے گا:
31 مئی سے 15 جون - آن لائن درخواست
15 جون سے 19 جون - درخواستوں کی ابتدائی جانچ
20 جون سے 23 جون - ضلع سطح پر انٹرویو
24 جون سے 28 جون - آخری اسکروٹنی
30 جون - منتخب سوشل میڈیا وارئیرس کی فہرست جاری
اضلاع میں بھی چلے گی مہم
ریاستی سطح پر آغاز کے بعد 1 سے 3 جون تک تمام اضلاع میں ضلع کانگریس صدور کے ذریعے پریس کانفرنسوں کی مدد سے مہم کی تشہیر کی جائے گی۔ اس کے لیے ہر ضلع میں سوشل میڈیا محکمے کے خصوصی انچارج بھی مقرر کیے گئے ہیں۔
مہم کے آغاز کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی سکریٹری اور سابق ایم ایل اے کنال چودھری، ریاستی کانگریس کے آرگنائزنگ جنرل سکریٹری ڈاکٹر سنجے کاملے اور کانگریس سوشل میڈیا محکمے کے ریاستی صدر چنچلیش ویاس نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سوشل میڈیا محکمے کے ریاستی نائب صدر اویرل ہری جین، ابھشیک سونی، سابق ریاستی ترجمان راہل راج، ریاستی جنرل سکریٹری مرزا آصف بیگ، شاج خان، راج ناگدا، بھانو پرتاپ سنگھ راٹھور سمیت بڑی تعداد میں عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن