
شہڈول، 31 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع کے پپوندھ تھانہ علاقے کے ہیرواہ گاوں میں اتوار کے روز ایک خاتون اور اس کی تین معصوم بیٹیوں کی کیڑے مار دوا کھانے کے بعد موت ہو گئی۔ واقعے کے بعد پورے گاوں میں سوگ اور سناٹا پسرا ہوا ہے۔ پولیس معاملے کی ہر پہلو سے جانچ کر رہی ہے۔
متوفیان کی شناخت انیتا سنگھ (32)، ریتیکا (7)، کرشن کماری (4) اور ارپیتا (2) کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ واقعے کے وقت گھر میں ماں اور تینوں بیٹیاں ہی موجود تھیں۔ انیتا کا شوہر، جو پیشے سے ڈرائیور ہے، روزگار کے سلسلے میں باہر گیا ہوا تھا۔ اتوار کی صبح خاتون نے اپنی تین بیٹیوں کو کیڑے مار دوا کھلا دی اور پھر خود بھی نگل لی۔ اس سے چاروں کی طبیعت خراب گئی۔ بڑی بیٹی نے گھر سے باہر آ کر پڑوسیوں کو پکارا اور ساری بات بتائی۔ پڑوسی چاروں کو لے کر بیوہاری اسپتال گئے، جہاں ڈاکٹروں نے خاتون اور دو چھوٹی بیٹیوں کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ بڑی بیٹی نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ پپوندھ تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور پڑوسیوں کے بیانات درج کیے۔ خاتون کے شوہر کو فون کر کے معلومات دی گئی۔
پپوندھ تھانہ انچارج برجیندر مشرا نے بتایا کہ بڑی بیٹی ریتیکا نے ابتدائی معلومات میں بتایا تھا کہ اس کی ماں نے کھانسی کی دوا بتا کر کوئی چیز دی تھی۔ اس کے بعد گھر میں رکھے دستاویزات، کپڑے، فوٹو اور اناج کو بھی آگ لگا دی گئی تھی۔ کیڑے مار دوا کی کم مقدار حلق سے نیچے جانے کی وجہ سے ریتیکا بے ہوش نہیں ہوئی تھی۔ وہ گھر سے باہر آئی اور شور مچایا۔
تھانہ انچارج نے بتایا کہ ریتیکا اس بات کی معلومات نہیں دے سکی کہ ماں نے یہ قدم کیوں اٹھایا؟ پولیس کے مطابق گھر کے اقتصادی حالات بہت اچھے نہیں ہیں۔ انیتا کا شوہر تقریباً دو مہینے پہلے خاندان سے ملنے آیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے ایک ایلومینیم فاسفائیڈ کا پیکٹ بھی برآمد ہوا ہے، جسے جانچ کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔ تاہم پولیس ان حقائق کی آزادانہ طور پر جانچ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ خاندان بنیادی طور پر تکھوا گاوں کا رہنے والا ہے، لیکن ہیرواہ گاوں میں اپنی سات ایکڑ زمین پر بنے ہوئے پردھان منتری آواس میں انیتا بچوں کے ساتھ رہ رہی تھی۔ انیتا اپنے بچوں کے ساتھ ساس سسر سے الگ رہتی تھی۔ شوہر باہر رہ کر خاندان کا خرچ بھیجتا تھا، جبکہ انیتا بھی مزدوری کر کے خاندان کی مدد کرتی تھی۔ پولیس نے مرگ قائم کر لیا ہے اور اہل خانہ، پڑوسیوں اور مائیکے کے لوگوں کے بیانات درج کیے جا رہے ہیں۔ چاروں لاشوں کا پنچنامہ کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے خاندانی، اقتصادی، ذہنی یا کوئی اور وجہ تھی یا نہیں، اس کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن