مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کی انجنا یادو نے ماونٹ ایورسٹ پر لہرایا ترنگا، وزیر اعلیٰ یادو نے مبارکباد دی
مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کی انجنا یادو نے ماونٹ ایورسٹ پر لہرایا ترنگا، وزیر اعلیٰ یادو نے مبارکباد دی بھوپال، 31 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کے دیہی علاقے میں ایک عام خاندان میں پیدا ہونے والی انجنا یادو نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں ن
انجنا یادو نے ماونٹ ایورسٹ پر لہرایا ترنگا، وزیر اعلیٰ نے ایکس پر پوسٹ کی تصویر


ماونٹ ایورسٹ پر ترنگا لہراتے ہوئے انجنا یادو کی فائل فوٹو


مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کی انجنا یادو نے ماونٹ ایورسٹ پر لہرایا ترنگا، وزیر اعلیٰ یادو نے مبارکباد دی

بھوپال، 31 مئی (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کے دیہی علاقے میں ایک عام خاندان میں پیدا ہونے والی انجنا یادو نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے اپنی انتھک محنت، ہمت اور اٹوٹ عزم کی بدولت دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر ہندوستان کا ترنگا لہرا دیا ہے۔ اس کامیابی پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے انجنا کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اتوار کے روز سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ رائسین ضلع کے گاوں سیمری کی انجنا یادو نے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر کامیابی کے ساتھ چڑھائی کر کے ہم سب کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ریاست کی بیٹی انجنا نے تاریخ رقم کر کے ملک اور ریاست کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ انجنا کی ہمت، عزم اور لگن تمام بیٹیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے انجنا یادو کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔

رائسین ضلع کے سانچی وکاس کھنڈ کے تحت گاوں سیمری کی رہنے والی بین الاقوامی کوہ پیما انجنا یادو نے 27 مئی کو صبح 5.24 بجے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماونٹ ایورسٹ (8848.86 میٹر) کو کامیابی سے سر کر کے ترنگا لہرایا اور ملک و ریاست کا نام روشن کیا۔ ایک عام دیہی خاندان سے نکل کر ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنا ان کی انتھک محنت، ہمت اور پختہ عزم کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل انجنا یادو نے ’آپریشن سندور‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر 6119 میٹر اونچی لابوچے پیک پر ’آپریشن سندور‘ کا بینر لہرا کر بھارتی فوج کی شجاعت اور قربانی کو نمن کیا تھا۔

انجنا یادو نے ایورسٹ بیس کیمپ سے ایک جذباتی پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ محض ایک چڑھائی نہیں بلکہ ان شہیدوں کے تئیں ملک کی اٹوٹ عقیدت کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نئے ہندوستان کی گونج اب دنیا کی سب سے اونچی چوٹیوں تک پہنچ گئی ہے۔ یہاں سے فوجیوں کی قربانیوں کو سلام کیا جا رہا ہے۔‘‘

انجنا یادو نے اپنی مہم کے ذریعے ’فٹ انڈیا، ہٹ انڈیا‘ کا پیغام دیتے ہوئے لوگوں سے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ’ماں کے نام ایک پیڑ‘ مہم کا پیغام بھی دیا اور تمام شہریوں سے اپنی ماں کے اعزاز میں کم از کم ایک پودا لگانے کی گزارش کی۔ انجنا نے اپنی اس تاریخی کامیابی کا سہرا وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی حوصلہ افزائی، تعاون اور رہنمائی کے سر باندھتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ہم وطنوں، اپنے خاندان، والدین، دوستوں، حامیوں اور ان تمام لوگوں کا دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

انجنا نے ماونٹ ٹریننگ کا بیسک بی ایم سی کورس ہمالین انسٹی ٹیوٹ سے کیا ہے۔ انجنا یادو آٹھ کھیلوں میں قومی سطح کی کھلاڑی ہیں۔ وہ اب تک تقریباً 24 چوٹیوں پر چڑھ چکی ہیں، جن میں ماونٹ یو نام پیک 20000 فٹ، ماونٹ کالا پتھر پیک 18192 فٹ، ماونٹ گوکو پیک 17929 فٹ، ماونٹ ایورسٹ بیس کیمپ 17598 فٹ، ماونٹ فرینڈشپ پیک 17346 فٹ، ماونٹ رینوک پیک 16023 فٹ اور ماونٹ پاتاسو پیک 13800 فٹ شامل ہیں۔ انہوں نے 19 کلومیٹر گنگا رافٹنگ بھی کی ہے۔ انجنا آل اوور گیمز میں 17 بار نیشنل لیول پر کھیل چکی ہیں۔ انہوں نے کھو کھو، کبڈی، تائیکوانڈو، بیس بال جیسے کھیلوں میں حصہ لیا ہے۔

ایورسٹ فتح کرنے کے بعد انجنا یادو پیر، یکم جون کو ہندوستان لوٹ رہی ہیں۔ مدھیہ پردیش میں ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ان کی اس تاریخی کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مضبوط ارادوں اور مسلسل کوششوں سے کوئی بھی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande