
غازی آباد، 31 مئی (ہ س)۔ بنگلور میں 8 ویں انڈین اوپن پیرا ایتھلیٹکس مقابلے میں طلائی اور چاندی کے تمغے جیت کر گھر لوٹ رہے بین الاقوامی پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی (24) کا ہفتہ کی دوپہر گولی مار کر کیے گئے قتل کے معاملے میں پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لیا ہے۔ غازی آباد کے تھانہ کوتوالی نگر علاقے کے سائیں اپون میں ہفتہ کی دوپہر ان کی لاش ملی تھی۔ قتل کے الزام میں ساتھی پیرا ایتھلیٹ یش کھٹیک کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس ڈپٹی کمشنر دھول جائسوال نے بتایا کہ چراغ کو پیٹھ میں گولی مارنے کے بعد ان کا چہرہ بری طرح کچل دیا گیا تھا۔ موقع سے چراغ کا ایک موبائل فون ملا، جبکہ دوسرا فون غائب تھا۔ سی سی ٹی وی فٹیج کی بنیاد پر یش کھٹیک کو حراست میں لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ دونوں نے بلائنڈ (نابینا) زمرے میں مقابلے میں ایک ساتھ حصہ لیا تھا۔ چراغ 100 اور 400 میٹر دوڑ میں حصہ لیتے تھے۔ دستاویزات کی جانچ (ویریفکیشن) کے دوران چراغ نے ایک بار یش کی شکایت کر دی تھی، جس کی وجہ سے یش کی کوالیفکیشن منسوخ کر دی گئی تھی۔ اس کا بدلہ لینے کے لیے اس نے اس واردات کو انجام دیا۔ اس کی نشاندہی پر پولیس قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس نے مراد نگر کے بسنت پور سیتھلی گاوں کے رہنے والے چراغ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے اور آج ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم ہو رہا ہے۔ پولیس نے چراغ کے والد منوج کی شکایت پر کیس درج کر لیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن