
پونے، ممبئی ، 31 مئی (ہ س)۔ پونے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک مشتبہ واقعے کے بعد کچھ وقت کے لیے ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جب گوہاٹی جانے والی ایک مسافر پرواز کے ٹوائلٹ سے ’’بم‘‘ تحریر شدہ ایک پرچی برآمد ہوئی۔ واقعے کے بعد سکیورٹی ایجنسیاں فوری طور پر الرٹ ہوگئیں اور احتیاطی اقدامات کے تحت طیارے میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت نیچے اتار کر مکمل تلاشی مہم چلائی گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک نجی ایئرلائن کی پرواز صبح 7 بجے پونے سے گوہاٹی روانہ ہونے والی تھی۔ تمام مسافر طیارے میں سوار ہو چکے تھے۔ صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے سے پونے 7 بجے کے درمیان ایک ایئر ہوسٹس نے معمول کی جانچ کے دوران طیارے کے ٹوائلٹ کا معائنہ کیا، جہاں اسے ایک مشتبہ پرچی ملی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس پرچی پر نمایاں حروف میں ’’بم‘‘ لکھا ہوا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ایئر ہوسٹس نے فوری طور پر پائلٹ اور ہوائی اڈے کی سکیورٹی ایجنسیوں کو آگاہ کیا۔
سکیورٹی ضوابط کے مطابق طیارے کو رن وے کے ایک علیحدہ اور غیر آباد حصے میں منتقل کیا گیا۔ اس کے بعد تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے طیارے سے باہر نکال لیا گیا۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر سکیورٹی اداروں نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی تفصیلی جانچ شروع کی۔ کسی بھی مشتبہ شے کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے طیارے کے ہر حصے کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
اس واقعے کے باعث کچھ وقت کے لیے ہوائی اڈے کے ماحول میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، تاہم سکیورٹی اداروں کی بروقت اور محتاط کارروائی کے نتیجے میں صورتحال قابو میں رہی۔ پولیس اور سکیورٹی ایجنسیاں اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ مذکورہ پرچی کس شخص نے اور کس مقصد کے تحت رکھی تھی۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے