
ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا خدشہممبئی ، 30 مئی (ہ س) ۔ شدید گرمی اور تپتی دھوپ سے پریشان ممبئی کے شہریوں کو آئندہ چند دنوں میں راحت ملنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے سات دنوں کے دوران ملک میں جنوب مغربی مانسون کی پیش رفت متوقع ہے۔ اتوار سے ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ممبئی سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں اس وقت شدید گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال معمول سے کم بارش ہونے کا امکان ہے۔ ممبئی میں اتوار سے آئندہ تین دن تک ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے پالگھر اور تھانے اضلاع کے لیے اتوار کے روز ہلکی بارش اور پیر کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اسی طرح کونکن خطے کے رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع کے لیے بھی ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں پیر اور منگل کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے جنوب مغربی مانسون سے متعلق اپنی دوسری طویل مدتی پیش گوئی بھی جاری کی ہے۔ اس کے مطابق جون سے ستمبر 2026 تک چار ماہ کے مانسون سیزن میں ملک بھر میں طویل مدتی اوسط بارش کا صرف 90 فیصد بارش ہونے کی توقع ہے، جسے معمول سے کم تصور کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وسطی بھارت میں معمول کے مقابلے 43 فیصد اور جنوبی جزیرہ نما علاقوں میں 45 فیصد کم بارش ہونے کا امکان ہے۔مہاراشٹر کے ودربھ، مراٹھواڑہ اور مغربی مہاراشٹر کے بیشتر علاقے مانسون کور زون میں شامل ہیں۔ اس خطے کو ریاست اور ملک میں بارانی زراعت کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کے پہلے مہینے جون میں ملک کے کئی حصوں میں اوسط سے کم بارش متوقع ہے، جس کے باعث کسانوں میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ اس کا خریف فصلوں کی بوائی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے جون کے دوران ودربھ، مراٹھواڑہ اور ریاست کے بعض دیگر علاقوں میں گرمی کی لہر چلنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ رات کے اوقات میں بھی معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سال ال نینو کا اثر برقرار رہے گا۔ گزشتہ موسمی ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ جب ال نینو سرگرم ہوتا ہے تو وسطی اور مغربی مہاراشٹر میں بارش کی مقدار عموماً کم رہتی ہے، جس کے نتیجے میں زراعت، آبی ذخائر اور دیہی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے