
پیرس، 30 مئی (ہ س)۔ فرنچ اوپن 2026 میں الٹ پھیر کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی ٹینس کے عظیم کھلاڑی اور 24 بار کے گرینڈ سلیم چیمپیئن نوواک جوکووچ کا ریکارڈ 25 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کا خواب جمعہ کے روز ٹوٹ گیا، جب انہیں تیسرے راونڈ میں برازیل کے 19 سالہ نوجوان کھلاڑی جوآو فونسیکا نے پانچ سیٹوں کے سنسنی خیز مقابلے میں 6-4، 6-4، 3-6، 5-7، 5-7 سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں جیت درج کر کے فونسیکا نے تاریخ رقم کر دی۔ وہ گرینڈ سلیم مقابلے میں جوکووچ کو ہرانے والے پہلے نوعمر (ٹین ایجر) کھلاڑی بن گئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی انہوں نے خود کو مستقبل کے بڑے دعویداروں میں شامل کر لیا ہے۔
جوکووچ کی ہار کا مطلب یہ ہے کہ 39 سالہ سربیا کے کھلاڑی کو اب بھی مارگریٹ کورٹ کے 25 گرینڈ سلیم خطابوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔ ایک دن پہلے ہی عالمی نمبر ایک یانک سنر کے باہر ہونے کے بعد، اس نتیجے نے پیرس میں خطاب کی دوڑ کو مزید چیلنجنگ بنا دیا ہے۔
میچ کے بعد جذباتی فونسیکا نے کہا، ’’سچ کہوں تو مجھے یقین نہیں تھا کہ میں یہ مقابلہ جیت سکتا ہوں۔ میں صرف کورٹ پر جا کر کھیل کا لطف اٹھانا چاہتا تھا۔ جوکووچ جیسے عظیم کھلاڑی کے خلاف کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں بیحد خوش ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میں ہر گیند کو پوری طاقت سے مارنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جوکووچ شاید ہی کوئی غلطی کرتے ہیں اور آج بھی ان کی فٹنس حیرت انگیز ہے۔ میچ کے آخر میں وہ مجھ سے زیادہ فٹ نظر آ رہے تھے۔‘‘
فونسیکا نے یہ تاریخی جیت اپنی والدہ کے نام کی، جن کی اسی دن سالگرہ تھی اور وہ شائقین کی گیلری میں موجود تھیں۔
ایک ہفتہ پہلے ہی 39 برس کے ہوئے جوکووچ نے مقابلے کا شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے پہلے سیٹ میں شروعاتی چھ میں سے پانچ گیمز جیت کر نوجوان حریف پر دباو بنا دیا۔ شاندار لابی، دم دار فور ہینڈ اور بہترین ڈراپ شاٹس کی مدد سے انہوں نے پہلا سیٹ اپنے نام کیا۔
دوسرے سیٹ میں بھی فونسیکا نے جدوجہد کی، لیکن پانچویں گیم میں سروس گنوانے کے بعد جوکووچ نے برتری مضبوط کر لی اور سیٹ جیت کر مقابلے میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔
دو سیٹ پیچھے ہونے کے باوجود فونسیکا نے ہار نہیں مانی۔ تیسرے سیٹ میں انہوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کی اور ایک سیٹ اپنے نام کر لیا۔
چوتھے سیٹ میں بھی برازیلی کھلاڑی نے شاندار کارکردگی جاری رکھی۔ انہوں نے شروعاتی بریک حاصل کی اور لگاتار جارحانہ شاٹس کھیلتے ہوئے مقابلہ دو دو سیٹ کی برابری پر پہنچا دیا۔
فیصلہ کن پانچویں سیٹ میں جوکووچ نے 1-3 کی برتری بنائی، لیکن فونسیکا نے صبر اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کی۔ 5-5 کی برابری کے بعد انہوں نے اہم بریک حاصل کر کے 5-6 کی برتری بنائی اور پھر لگاتار تین ایس لگا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
فونسیکا نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’مجھے خود بھی یقین نہیں آ رہا کہ آخر میں نے لگاتار تین ایس لگائے۔ ایسا میں نے پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ اس وقت میں خود کو جون اسنر جیسا محسوس کر رہا تھا۔‘‘
فرنچ اوپن 2026 میں اب نیا مردوں کا سنگلز چیمپیئن ملنا طے ہے۔ دفاعی چیمپیئن کارلوس الکاراز کلائی کی چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکے، جبکہ عالمی نمبر ایک یانک سنر اور اب نوواک جوکووچ بھی باہر ہو چکے ہیں۔
فونسیکا اب اگلے راونڈ میں ٹامی پال اور کیسپر روڈ کے درمیان ہونے والے مقابلے کے فاتح سے ٹکرائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن