
ڈبلن، 30 مئی (ہ س)۔ کپتان ہیلی میتھیوز، جینیلیا گلاسگو اور چینل ہینری کی شاندار بلے بازی کے بعد گیند بازوں کی نپی تلی کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے جمعہ کے روز خواتین کے سہ فریقی ٹی20 ٹورنامنٹ میں پاکستان کو 25 رن سے ہرا کر لگاتار دوسری جیت درج کی ہے۔
آئرلینڈ کے خلاف پہلا مقابلہ جیتنے کے محض 24 گھنٹے بعد ویسٹ انڈیز نے ایک اور جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مقابلے میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شروعاتی جھٹکا نہیں لگا اور کپتان ہیلی میتھیوز نے تیز شروعات دلائی۔ انہوں نے محض 20 گیندوں پر 40 رن بنائے، جس میں نو چوکے شامل تھے۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد تجربہ کار اسٹیفنی ٹیلر نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے 39 رن کا تعاون دیا۔
مڈل آرڈر اور ڈیتھ اووروں میں جینیلیا گلاسگو اور چینل ہینری نے پاکستان کے گیند بازوں پر جم کر حملے کیے۔ گلاسگو نے 25 گیندوں پر 42 رن کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ ہینری 17 گیندوں پر 33 رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹیں۔ ان اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔
200 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان کی شروعات بیحد خراب رہی۔ ٹیم نے پہلے چار اووروں میں ہی تین وکٹیں گنوا دیں۔ چینل ہینری نے منیبہ علی اور عائشہ ظفر کو آوٹ کر کے پاکستان کو دباو میں لا دیا۔
البتہ اس کے بعد سائرہ جبین نے 19 گیندوں پر 30 رن بنا کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ رامین شمیم اور ارم جاوید نے بھی اچھی شروعات کی، لیکن بڑی اننگز نہیں کھیل سکیں۔
نچلے آرڈر میں عالیہ ریاض نے 28 گیندوں پر 37 رن اور کپتان فاطمہ ثناء نے 14 گیندوں پر 27 رن کی تیز اننگز کھیل کر مقابلے کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی، لیکن ویسٹ انڈیز کی گیند بازی کے سامنے پاکستان ہدف سے کافی دور رہ گیا۔
پاکستان کی ٹیم 20 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رن ہی بنا سکی اور ویسٹ انڈیز نے 25 رن کی جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔
مختصر اسکور
ویسٹ انڈیز خواتین: 20 اووروں میں 199/6 (جینیلیا گلاسگو 42، ہیلی میتھیوز 40؛ رامین شمیم 2/27)
پاکستان خواتین: 20 اووروں میں 174/8 (عالیہ ریاض 37؛ چینل ہینری 2/13، شونیشا ہیکٹر 2/21)
نتیجہ: ویسٹ انڈیز خواتین ٹیم 25 رن سے کامیاب رہی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن