
خطابی مقابلے میں اب اتوار کو گجرات کا سامنا آر سی بی سے ہو گا
ملاں پور، 29 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ 2026 کے دوسرے کوالیفائر میں جمعہ کے روز گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) نے کپتان شبھمن گل کی شاندار سنچری اور سائی سدرشن کی دھواں دھار اننگز کی بدولت راجستھان رائلز (آر آر) کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب اتوار کو احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز کا سامنا رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) سے ہو گا۔ پانچ سیزن میں یہ گجرات کا تیسرا آئی پی ایل فائنل ہے۔
مہاراجہ یادویندرا سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں راجستھان رائلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 214 رن بنائے۔ ٹیم کے لیے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریا ونشی نے 47 گیندوں میں 96 رنوں کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں کئی شاندار شاٹس لگائے اور راجستھان کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
سوریا ونشی نے شروعات میں صبر و ضبط کا مظاہرہ کیا اور 31 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو اس آئی پی ایل میں ان کی تمام بڑی اننگز میں سب سے دھیمی نصف سنچری رہی۔ اس کے بعد انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سات چھکے لگائے۔ کگیسو رباڈا کا باونسر ہیلمٹ پر لگنے کے باوجود انہوں نے بلے بازی جاری رکھی اور گجرات کے گیند بازوں پر لگاتار دباو بنائے رکھا۔
اگرچہ دوسری طرف وکٹیں گرتی رہیں، لیکن سوریا ونشی اکیلے دم پر راجستھان کو مقابلے میں بنائے ہوئے تھے۔ یہ گزشتہ چار مقابلوں میں ان کا تیسرا 90 پلس اسکور تھا۔
215 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری گجرات ٹائٹنز کا آغاز بیحد شاندار رہا۔ سائی سدرشن اور شبھمن گل کی سلامی جوڑی نے راجستھان کے گیند بازوں کو پوری طرح دباو میں لا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے کلاسیکی کرکٹنگ شاٹس کے ساتھ تیزی سے رن بٹورے اور پہلی وکٹ کے لیے 167 رنوں کی شراکت داری کر کے میچ کو تقریباً ایک طرفہ بنا دیا۔
سائی سدرشن نے 32 گیندوں میں 58 رن بنائے، جس میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل رہا۔ وہ لگاتار دوسرے میچ میں بدقسمتی سے آوٹ ہوئے۔ برجیش شرما کی گیند پر چوکا لگانے کے دوران ان کا بلا ہاتھ سے چھوٹ کر وکٹوں پر جا لگا اور وہ ہٹ وکٹ آوٹ ہو گئے۔
دوسری طرف شبھمن گل پورے میچ میں شاندار فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے 53 گیندوں میں 104 رنوں کی کپتانی اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ گل نے محض 47 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ روندر جڈیجہ کی گیند پر آگے بڑھ کر لگایا گیا ان کا چوکا اس اننگز کا سب سے یادگار شاٹ رہا۔
گجرات نے ہدف کو آسانی سے حاصل کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ سوریا ونشی کی اننگز میچ کی سب سے بڑی کہانی بنے گی، لیکن شبھمن گل کی لاجواب بلے بازی نے پوری محفل لوٹ لی۔ راجستھان کے نوجوان ستارے کی چمک کے باوجود گجرات کی اجتماعی طاقت بھاری پڑی اور ٹیم نے شاندار انداز میں فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن