
تلنگانہ کے ہر شہری کیلئے فلاحی کارڈ کی تیاری کا منصوبہ : ریونت ریڈیحیدرآباد ، 30 مئی (ہ س) ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت ہرشہری کیلئے ایک جامع فلاحی کارڈ (یونیفائیڈ کارڈ) متعارف کرے گی جس میں مختلف سرکاری محکمہ جات کی فلاحی اسکیمات سے متعلق تفصیلات دستیاب رہیں گی ۔ وزیراعلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یونیفائیڈ کارڈ کی تیاری کے منصوبہ پر عمل شروع کریں اور تمام محکمہ جات سے اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تفصیلات حاصل کی جائیں ۔وزیراعلی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہا کہ یونیفائیڈ کارڈ کے ذریعہ پتہ چلے گا کہ کس شہری کو کس محکمہ کے تحت کونسی اسکیمات سے کتنی مالی یا دیگر امداد حاصل ہورہی ہے۔ تمام شہریوں کی مکمل فلاحی پروفائیل ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہونے سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اورحقیقی مستحقین تک اسکیمات کے فوائد موثرانداز میں پہنچ پائیں گے۔اجلاس میں وزیرآئی ٹی سریدھر بابو،چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اوردیگرعہدیدار شریک تھے۔ وزیراعلی نے ہدایت دی کہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے علحدہ کارڈس جاری کرنے کی بجائے محکمہ آئی ٹی کی نگرانی میں ایک جامع فلاحی کارڈ تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی میں مہارت والے سرکاری عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ کارڈ میں آروگیہ شری، وزیراعلی ریلیف فنڈ، فیس ری ایمبرسمنٹ ، محکمہ لیبر ، محکمہ تعلیم ، انشورنس و سرکاری اسکیمات کی تفصیل شامل رہیں گی۔ ضرورت پڑنے پرآدھار کی طرز پرریاستی سطح کا منفرد شناختی نمبرجاری کیاجائے گا۔ حالیہ سماجی ، معاشی ، تعلیمی ، روزگار ، سیاسی اور ذات پر مبنی سروے کی معلومات اس کارڈس سے منسلک کی جائیگی ۔ وزیراعلی نے آرٹیفشل انٹلیجنس پرمبنی پروفائل سسٹم متعارف کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکٹ جاری ہو تو اس کی معلومات فوری طور پر پنشن ڈیٹا بیس تک پہنچ جائیں۔ عوام کی ہیلت پروفائل کو اس کارڈ سے مربوط کیاجائیگا۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق