
حیدرآباد ، 30 مئی (ہ س) ۔ تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد سے ایک حیرت انگیز رپورٹ سامنے آئی ہے حکومت کی جانب سے دیہی روزگار ضمانت اسکیم (ایم جی این آرای جی ایس) کے تحت مزدوروں کی حاضری درج کرنے کے لئے متعارف کرائے گئے نئے فیشل ریکگنیشن‘‘(چہرے کی شناخت) کے سافٹ ویر میں ایک عجیب وغریب فنی خرابی سامنے آئی ہے۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب ایک مزدور اپنا سر منڈوانے کے بعد کام پر پہنچا لیکن موبائیل ایپ نے اس کے چہرے کو پہچاننے سے صاف انکارکردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع محبوب آباد کے انگورتی منڈل کے تحت آنے والے کوماٹی پلی گاؤں کے رہائشی ایم سرینونے دو دن قبل ایک مندر کے دورہ پر گئے تھے جہاں وہ منت کے طور پر اپنا سرمنڈوایا جب دوسرے روز روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام پر پہنچا تو وہاں موجود فیلڈ اسسٹنٹ نے نیشنل موبائیل مانیٹرنگ سسٹم (این ایم ایم ایس) ایپ کے ذریعہ ان کے چہرے کی حاضری لگانے کی کوشش کی تاہم سرمنڈوانے کی وجہ سے سافٹ ویر نے ان کا چہرہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ بار بارکی کوششوں کے باوجود حاضری درج نہ ہونے پر مذکورہ مزدور شدید ذہنی پریشانی اور شرمندگی کا شکار ہوگیا۔ اس دوران وہاں موجود ایک اورخاتون مزدور نے اس مشکل کا ایک انتہائی دلچسپ حل نکالا۔انہوں نے اپنے بال آگے پھیلاکر مزدور کے بغیر بال والے سرکو اس طرح ڈھانپا جیسے سر پر بال موجود ہوں جس کے بعد جوں ہی تصویرلی گئی ایپ نے فوری طور پرحاضری قبول کرلی۔ اس پورے واقعہ کے دوران کسی نے اس د لچسپ منظر کی ویڈیو بناکرسوشل میڈیا پراپ لوڈ کردی جواب وائرل ہو چکی ہے۔اس واقعہ نے روزگار ضمانت اسکیم کے تحت استعمال ہونے والے جدید ترین سافٹ ویر کی کارکردگی اوراس کی تکنیکی خامیوں پرایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق