
نئی دہلی، 30 مئی (ہ س)۔ میانمار کے صدر یو مِن آنگ ہلینگ 30 مئی سے 3 جون تک ہندوستان کے دورے پر آج بہار کے بودھ گیا پہنچ رہے ہیں۔ وہ یکم جون کو نئی دہلی میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما ہندوستان اور میانمار کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انتخابات میں متنازعہ جیت کے بعد اپریل میں صدر بننے والے یو مِن آنگ کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
میانمار کے صدر آج بودھ گیا آ رہے ہیں۔ وہ صبح بہار کے گیا جی ایئرپورٹ پہنچیں گے، جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی میں ہوٹل لے جایا جائے گا۔ وہ تقریباً 11 بجے مہابودھی مندر جائیں گے، جہاں وفد کے ساتھ پوجا اور دورہ کریں گے۔ مہابودھی مندر کے علاوہ وہ برمیز وہار، مہابودھی دھم ایکتا مونسٹری اور سجاتا ٹیمپل متنگ واپی بھی جائیں گے۔
میانمار کے صدر یکم جون کو منعقد ہونے والے انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس (آئی بی سی اے) سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے، لیکن افریقی براعظم کے کچھ ممالک میں ایبولا وائرس کے پھیلاو کی وجہ سے چوتھے ہندوستان-افریقہ فورم سربراہی اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا۔ آئی بی سی اے کانفرنس بھی اسی کے ساتھ ہونی تھی اس لیے اسے بھی ٹال دیا گیا۔ اس کے باوجود میانمار کے صدر ہندوستان کے سرکاری دورے پر آ رہے ہیں۔
اس دورے میں وہ یکم جون کو نئی دہلی میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما ہندوستان اور میانمار کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ 2 جون کو وہ ممبئی پہنچیں گے، جہاں صنعت و تجارت کی دنیا سے متعلق پروگراموں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف صنعتی مقامات کا دورہ کریں گے۔
یو مِن آنگ ہلینگ میانمار کے 11 ویں صدر اور سابق فوجی کمانڈر ہیں۔ وہ اپریل 2026 میں میانمار کے باضابطہ صدر بنے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے فروری 2021 میں فوجی بغاوت کے ذریعے میانمار کی منتخب رہنما آنگ سان سوچی کی حکومت کو ہٹا کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن