
نئی دہلی، 30 مئی (ہ س):۔
ایل ٹی ٹی ایرنا کلم دورنتو ایکسپریس میں خوردنی اشیا کے تحفظ اور صفائی اصولوں کی مبینہ خلاف ورزی کے معاملے میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) نے انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) کو ایک قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ کارروائی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی گئی، جس میں مبینہ طور پر کیٹرنگ عملہ کو ٹرین کے بیت الخلا کے علاقے میں برتن دھوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو نے مسافروں اور عام لوگوں میں ریلوے کیٹرنگ سروسز کی حفظان صحت کے بارے میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔
ہفتہ کو،ایف ایس ایس اے آئی نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور آئی آر سی ٹی سی سے فوری وضاحت طلب کی اور اسے ایک تفصیلی کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اتھارٹی نے کہا کہ اگر الزامات درست پائے جاتے ہیں، تو یہ فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت کے معیارات کی واضح خلاف ورزی ہے، جس سے مسافروں کی صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں، ایف ایس ایس اے آئی نے کہا کہ اس نے 28 مئی کو بورڈ ٹرین نمبر 12223 پر فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے IRCTC کو ایک قانونی نوٹس جاری کیا تھا اور اسے فوری طور پر ایک تفصیلی کارروائی کی رپورٹ (اے ٹی آر) پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
آئی آر سی ٹی سی نے کہا کہ معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے اور ضروری اصلاحی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ