
گوپال گنج، 30 مئی (ہ س)۔ گوپال گنج ضلع میں ہفتہ کے روز پولیس اورجرائم پیشہ افراد کےد رمیان انکاؤنٹر میں 50ہزار روپے کا انعامی بدمعاش آکاش کمار زخمی ہوگیا۔ پولیس کی کارروائی میں اس کے دونوں پیر میں گولی لگی۔ اس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا اور علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ وہ اسپتال کے احاطے میں سخت حفاظتی انتظامات میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت آکاش کمار ولد منوج سنگھ ، ساکن برہیا گاؤں ، تھانہ تھاوے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔ آکاش کے خلاف تقریباً ایک درجن فوجداری مقدمات ہیں جن میں تھاوے کے سابق مکھیا قریشی میاں کا قتل،لوٹ،تاوان اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔ وہ کافی عرصے سے مفرور تھا، اور پولیس نے اس پر 50,000 روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ونے تیواری نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ اطلاع ملی کہ وہ ہریانہ میں روپوش ہے جس کے بعد پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جمعہ کی دیر رات کارروائی کرتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے گوپال گنج لے آئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران آکاش کمار نےاسلحہ چھپانے کا اعتراف کیا۔ اس کے بعد پولیس اسے اسلحہ برآمد کرنے کے لیے بنجری بائی پاس علاقے لے گئی۔ اس دوران اس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے بدمعاش کے دونوں پیر میں گولی مار دی۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا اور سیکورٹی سخت کردی۔ مزید تفتیش جاری ہے، اور پولیس دیگر ممکنہ ساتھیوں کے کردار کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan