
بلیا، 30 مئی (ہ س)۔ پولیس نے شیو پور دیئر علاقے میں ملی نامعلوم خاتون کی لاش کی شناخت کر کے قتل کا معمہ حل کر لیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر چنی لال پرجاپتی اور اس کی خاتون دوست شوبھا چورسیا کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ نے کوتوالی پولیس کی جانب سے کیے گئے انکشاف کی معلومات جمعہ کی دیر شام دی۔ انہوں نے بتایا کہ جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتولہ پریتی پرجاپتی کی شادی 6 مارچ 2025 کو ریوتی کے ساکن چنی لال پرجاپتی سے ہوئی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق شادی کے بعد سے ہی اسے جہیز کے لیے ہراساں کیا جاتا تھا۔
پولیس کی جانچ میں معلوم ہوا کہ 22 مئی کو چنی لال کی معشوقہ شوبھا چورسیا نے پریتی کو گھمانے کے بہانے ای رکشہ سے بیاسی پل کی طرف لے جا کر پانی میں نشہ آور چیز ملا کر پلا دی، جس سے وہ بے ہوش ہو گئی۔ اس کے بعد چنی لال موقع پر پہنچا اور دونوں اسے بائیک سے ایک ویران جگہ لے گئے۔ وہاں چنی لال نے گلا دبا کر اس کا قتل کر دیا اور لاش کو جھاڑیوں میں چھپا دیا۔ بعد میں پریتی کے لاپتہ ہونے کی افواہ پھیلائی گئی اور دو دن بعد چنی لال نے گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی۔
معاملے کی جانچ کر رہی پولیس نے شواہد کی بنیاد پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کی نشاندہی پر مقتولہ کے زیورات، چوڑیاں، بلاوز، پرس اور نقدی برآمد کی گئی۔ پولیس نے معاملے میں قتل کی دفعہ کا اضافہ کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو جیل بھیج دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن