
چنئی، 3 مئی (ہ س)۔ چنئی سپر کنگز نے ایک بار پھر آئی پی ایل 2026 میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی چنئی نے اس سیزن میں ممبئی کے خلاف اپنی دوسری جیت درج کی، جس سے ٹیم کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رن بنائے۔ ممبئی کی جانب سے نمن دھیر نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 57 رن بنائے جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اپنی اننگز سے وہ ٹیم کو باعزت اسکور تک لے گئے۔ اس کے علاوہ ریان رکلٹن نے بھی 37 اور سوریہ کمار یادیو نے 21 رن بنائے۔
چنئی کی گیند بازی بھی قابل ستائش رہی ۔ انشول کمبوج نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد نے دو بلے بازوں کو آو¿ٹ کیا۔ دوسرے گیند بازوں نے بھی اچھی گیند بازی کرکے ممبئی کوبڑے اسکور تک پہنچنے سے روکے رکھا۔
ممبئی کے ذریعہ دیئے گئے160 رن کے نشانے کا تعاقب کرتے ہوئے، چنئی کی شروعات خراب رہی۔ اس نے جلد ہی ایک وکٹ کھو دیا۔ تاہم، کپتان روتوراج گائیکواڑ نے اننگز کو مستحکم کیا۔ انہوں نے پہلے اُرول پٹیل کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی اور پھر کارتک شرما کے ساتھ میچ جیتنے والی ناٹ آوٹ 98 رن کی شراکت داری کرکے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
گائیکواڑ نے تحمل اور ذمہ داری کے ساتھ بلے بازی کرتے ہوئے 48 گیندوں پر ناٹ آوٹ 67 رن بنائے۔ کارتک شرما نے بھی شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر ناٹ آوٹ 54 رن بنائے۔ آخر کار کارتک نے چوکا لگا کر ٹیم کی جیت پر مہر ثبت کی۔
چنئی نے 18.1اوورز میں دو وکٹ پر ہدف حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کر لیا ۔ یہ جیت ٹیم کی متوازن کارکردگی کی مثال رہی ، جس میں گیندبازوں اور بلے بازوں، دونوں نے اہم رول ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد