
ڈبلن، 29 مئی (ہ س)۔ کپتان ہیلی میتھیوز کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے خواتین ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے پہلے مقابلے میں جمعرات کی دیر رات آئرلینڈ کو 8 وکٹ سے کراری شکست دی۔ پاکستان کی شمولیت والی اس سیریز کے افتتاحی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے آئرلینڈ کو محض 103 رن پر ڈھیر کر دیا اور پھر ہدف کو صرف 11.3 اوور میں حاصل کر لیا۔
ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آغاز سے ہی آئرلینڈ پر دباو بنا دیا۔ زَیدا جیمز نے لگاتار دو اووروں میں دونوں سلامی بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا، جبکہ جہزارا کلیکسٹن نے ریبیکا اسٹوکیل کو آوٹ کر کے آئرلینڈ کا اسکور پاور پلے کے اندر ہی 23 رن پر 3 وکٹ کر دیا۔
اس کے بعد کپتان آرلا پرینڈرگاسٹ اور لیا پال نے چوتھی وکٹ کے لیے 44 رن جوڑ کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیکن 12 ویں اوور میں ہیلی میتھیوز نے پرینڈرگاسٹ کو آوٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑ دیا۔ اس کے بعد آئرلینڈ کی بلے بازی پوری طرح بکھر گئی اور ٹیم 17 اوور میں 103 رن پر آل آوٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز نے میچ میں کل نو گیند بازوں کا استعمال کیا۔ کیانا جوزف سب سے کامیاب گیند باز رہیں، جنہوں نے دو اوور میں محض 8 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔
104 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کو ایوا کیننگ نے ابتدائی جھٹکے دیتے ہوئے ڈینڈرا ڈوٹن اور کیانا جوزف کو پویلین بھیج دیا۔ تاہم اس کے بعد کپتان ہیلی میتھیوز نے آئرش گیند بازوں کی جم کر دھلائی کی۔
میتھیوز نے صرف 33 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور لگاتار جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔ انہوں نے اسٹیفنی ٹیلر کے ساتھ 69 رن کی شراکت داری کی۔ ٹیلر نے 10 رن بنا کر معاون کا کردار ادا کیا، جبکہ میتھیوز 44 گیندوں پر 82 رن بنا کر ناٹ آوٹ لوٹیں۔
ویسٹ انڈیز اب اگلے مقابلے میں پاکستان سے ٹکرائے گا، جو اسی میدان پر 24 گھنٹے کے اندر کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور:
آئرلینڈ: 17 اوور میں 103 آل آوٹ (آرلا پرینڈرگاسٹ 25، کیانا جوزف 3/8)
ویسٹ انڈیز: 11.3 اوور میں 104/2 (ہیلی میتھیوز 82، ایوا کیننگ 2/16)
ویسٹ انڈیز 8 وکٹ سے فاتح۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن