
اوسلو، 28 مئی (ہ س)۔ ناروے چیس 2026 کے تیسرے راونڈ میں بدھ کے روز ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگیاناند نے دنیا کے نمبر 1 کھلاڑی میگنس کارلسن کو ہرا کر بڑا الٹ پھیر کر دیا۔ اوسلو میں کھیلے گئے مقابلے میں پرگیاناند نے شاندار حکمتِ عملی پر مبنی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلاسیکل مقابلے میں جیت درج کی۔
میچ کے بیشتر وقت پرگیاناند مضبوط پوزیشن میں نظر آئے۔ حالانکہ وقت کے دباو میں کچھ لمحوں کے لیے مقابلے کا رخ کارلسن کی طرف جاتا ہوا دکھا، لیکن اس کے فوراً بعد ناروے کے اسٹار کھلاڑی نے بڑی غلطی کر دی اور انہیں شکست تسلیم کرنی پڑی۔
عالمی چیمپیئن ڈی گوکیش اور ٹورنامنٹ لیڈر علی رضا فیروزجا کے درمیان کلاسیکل مقابلہ بیحد سخت رہا اور آخر کار ڈرا پر ختم ہوا۔ اس کے بعد کھیلے گئے آرماگیڈن مقابلے میں فیروزجا نے جیت درج کر کے اضافی پوائنٹ حاصل کیا اور ٹیبل میں اپنی برتری قائم رکھی۔
وہیں ونسنٹ کیمر اور ویسلی سو کے درمیان بھی کلاسیکل مقابلہ ڈرا رہا۔ بعد میں آرماگیڈن گیم میں ویسلی سو نے جیت درج کی۔
تیسرے راونڈ کے بعد علی رضا فیروزجا پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ناروے چیس ویمنز زمرے میں بھی سنسنی جاری
ناروے چیس ویمنز ٹورنامنٹ میں بھی تمام کلاسیکل مقابلے ڈرا رہے، جس کے بعد فاتح کا فیصلہ آرماگیڈن مقابلوں سے ہوا۔
خواتین کی عالمی چیمپیئن جو وینجن اور جھو جنیر کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایک وقت جھو جنیر مضبوط پوزیشن میں تھیں، لیکن وہ اسے جیت میں تبدیل نہ کر سکیں۔ بعد میں آرماگیڈن میں جھو جنیر نے جیت درج کر کے اضافی پوائنٹ حاصل کیا۔
انا موزیچک اور ہندوستانی گرینڈ ماسٹر کونیرو ہمپی کے درمیان کلاسیکل مقابلہ ڈرا رہا۔ اس کے بعد آرماگیڈن میں انا موزیچک نے جیت حاصل کی۔
وہیں ٹورنامنٹ لیڈر بیبیسارا اساوبایوا اور ہندوستان کی دیویا دیشمکھ کے درمیان بھی کلاسیکل مقابلہ برابری پر چھوٹا۔ اس کے بعد دیویا دیشمکھ نے شاندار کھیل دکھاتے ہوئے آرماگیڈن مقابلے میں جیت درج کی۔
تیسرے راونڈ کے بعد بیبیسارا اساوبایوا خواتین کے زمرے میں ٹاپ پر بنی ہوئی ہیں، حالانکہ دیویا دیشمکھ اور جھو جنیر نے فرق کم کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن