
لیپزگ، 28 مئی (ہ س) — جین فلپ میٹیٹا کے دوسرے ہاف میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت کرسٹل پیلس نے بدھ کی رات یوئیفا کانفرنس لیگ کے فائنل میں رایو وائےکانو کو 0-1 سے شکست دے کر کلب کی تاریخ کا پہلا یورپی خطاب اپنے نام کر لیا۔ یہ کامیابی ٹیم کے مینیجر اولیور گلاسنر کے لیے بھی ایک شاندار الوداعی تحفہ ثابت ہوئی۔
کرسٹل پیلس نے گھریلو سیزن میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ابتدا میں یوروپا لیگ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، لیکن یوئیفا کے ملٹی کلب اونرشپ قوانین کے باعث ٹیم کو کانفرنس لیگ میں منتقل کر دیا گیا۔ تاہم ٹیم نے اسے مایوسی بننے نہیں دیا اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یورپی سطح پر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
میچ کا فیصلہ کن لمحہ 51ویں منٹ میں آیا، جب ایڈم وارٹن کے دور سے لگائے گئے شاٹ کو رایو کے گول کیپر آگستو باتایا مکمل طور پر روک نہ سکے۔ گیند ان کے ہاتھوں سے پھسل کر ماتیتا کے پاس پہنچی اور فرانسیسی اسٹرائیکر نے قریب سے آسان گول کرتے ہوئے کرسٹل پیلس کو برتری دلا دی۔
اس کے بعد رایو وائےکانو نے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ یریمی پینو کی فری کک دونوں پوسٹوں سے ٹکرائی، جبکہ جارج ڈی فروٹوس بھی گول کے قریب پہنچے، لیکن کرسٹل پیلس کے مضبوط دفاع نے انہیں کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک بھی شاٹ ہدف پر نہیں جا سکا تھا، البتہ دوسرے ہاف میں پیلس نے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا اور بالآخر میچ کا واحد گول کرنے میں کامیاب رہی۔
یہ کرسٹل پیلس کی 120 سالہ تاریخ کا دوسرا بڑا خطاب ہے، اور کلب گزشتہ چار برسوں میں کانفرنس لیگ جیتنے والی تیسری انگلش ٹیم بن گیا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور چیلسی بھی یہ ٹرافی جیت چکے ہیں۔
میچ کے بعد مینیجر اولیور گلاسنر نے کہا کہ یہ ایک نہایت سخت اور مقابلہ آرائی سے بھرپور میچ تھا، جس میں ایک موقع نے فرق پیدا کیا۔ ہمارے مڈفیلڈرز ایڈم وارٹن اور کامادا نے شاندار کھیل پیش کیا۔ وارٹن نے جس موو سے گول کا موقع بنایا، وہی میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔”
رایو وائےکانو کے لیے یہ شکست انتہائی جذباتی رہی۔ کلب اپنی تاریخ کا پہلا یورپی خطاب جیتنے کی کوشش کر رہا تھا۔ میچ ختم ہونے کے بعد بھی اس کے شائقین طویل وقت تک اسٹیڈیم میں موجود رہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورے سیزن پر فخر ہونا چاہیے۔ ہم نے ایک شاندار سفر طے کیا۔ کرسٹل پیلس ایک بہت اچھی ٹیم ہے اور انہوں نے ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد