
ریاض،28مئی (ہ س)۔سعودی عرب کی وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ حجاج کرام کی عمومی صحت کی صورتحال انتہائی مستحکم ہے اور اس سال حج کے سیزن میں ہیلتھ سسٹم نے کسی بھی وبائی مرض کے پھیلنے یا صحت کے حوالے سے کسی مو¿ثر خطرے کو ریکارڈ نہیں کیا ہے۔سعودی محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جاری حج سیزن میں حجاج کرام کی کل تعداد 1,707,301 ہے، جن میں مختلف راستوں سے سعودی عرب سے باہر سے آنے والے لگ بھگ 1,546,655 حجاج شامل ہیں۔
ہیلتھ سسٹم کے فریم ورک کے تحت سعودی وزارت صحت کے یونیفائیڈ کال سینٹر 937 کو جاری حج سیزن کے آغاز سے لے کر دس ذی الحجہ تک سات مختلف زبانوں میں دس لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئی ہیں۔یہ سینٹر حجاج کرام کے لیے خدمات تک رسائی کو آسان بناتا ہے جو ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام اور خدمت ضیوف الرحمن پروگرام کے اہداف کے عین مطابق ہے، جو مملکت کے ویڑن 2030 کا حصہ ہیں۔اسی تناظر میں وزارت صحت نے وضاحت کی ہے کہ سینٹر کی خدمات اردو، عربی، انگریزی، انڈونیشین، ترکیہ، فرانسیسی اور فارسی زبانوں میں فراہم کی گئیں۔
وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ ان کالز میں طبی استفسارات، مشورے، ہیٹ اسٹروک، دائمی امراض اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی کی خدمات شامل تھیں، نیز صحت سے متعلق شکایات بھی موصول کی گئیں، جو اہل عملے اور جدید تکنیکی نظام کے ذریعے فوری ردعمل اور معیاری سروس کے ساتھ نمٹائی گئیں۔مزید برآں وزارت صحت نے حجاج کرام سے گذارش کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے استفسار، طبی مشورے یا ہنگامی شکایات کے لیے 937 سینٹر کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔ وزارت نے تاکید کی ہے کہ یہ خدمات چوبیس گھنٹے جاری رہیں گی تاکہ حجاج کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ صحت و اطمینان کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔
دوسری جانب وزارت صحت نے یہ بھی بتایا ہے کہ دس ذی الحجہ تک حجاج کرام کو 12 لاکھ سے زائد طبی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں تاکہ صحت کی خدمات کے معیار کو بڑھایا جا سکے اور ان تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔ یہ سب ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام اور خدمت ضیوف الرحمن پروگرام کے اہداف کے تحت کیا جا رہا ہے جو مملکت کے ویڑن 2030 کا حصہ ہیں تاکہ ضیوف الرحمن آسانی اور راحت کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔سعودی وزارت صحت کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہیلتھ سینٹرز اور فوری دیکھ بھال کی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں کی کل تعداد 41,178 تک پہنچ گئی، جبکہ ایمرجنسی وارڈز میں 28,817 کیسز کا استقبال کیا گیا، اور او پی ڈی یعنی آو¿ٹ ڈور کلینکس میں 4,379 مریضوں نے رجوع کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں 4,013 کیسز کو داخل کیا گیا اور 318 جراحتی آپریشن کیے گئے، جن میں 222 کارڈیک کیتھیٹرائزیشن یعنی دل کی اینجیو پلاسٹی اور 13 اوپن ہارٹ سرجریز شامل ہیں۔طبی ٹیموں نے ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 28 کیسز سے فوری طور پر نمٹا، جو ایک ایسے فیلڈ سسٹم کا حصہ ہے جو مختلف مقامات پر فوری ردعمل اور طبی مداخلت کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اسے وسیع حفاظتی کوششوں کی مدد بھی حاصل ہے جن کے تحت 292,585 سے زائد حفاظتی خدمات فراہم کی گئیں جنہوں نے ضیوف الرحمن کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ یونیفائیڈ کال سینٹر 937 کے ذریعے 119,995 سے زائد کالز کا جواب دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan