
تفتیشی ایجنسی نے گھر کے اندر تقریباً 7 گھنٹے تک گری بالا سنگھ سے پوچھ گچھ کی
بھوپال، 28 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کی مشہور اداکارہ ٹویشا شرما موت معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے جمعرات کے روز ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے متوفیہ کی ساس اور ریٹائرڈ جج گری بالا سنگھ کو گرفتار کر لیا۔
دراصل، مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے پیشگی ضمانت مسترد کیے جانے کے ٹھیک اگلے دن آج جمعرات کی صبح ہی سی بی آئی کے افسران ان کی بھوپال میں واقع رہائش گاہ پر پہنچ گئے تھے۔ گھر کے اندر تقریباً 7 گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل اور سخت پوچھ گچھ کے بعد شام 5.10 بجے سی بی آئی نے انہیں گرفتار کر لیا۔ سی بی آئی کی ٹیم اب گری بالا سنگھ کو میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال لے جانے کی تیاری میں ہے۔
موقع پر سکورٹی انتظامات سنبھال رہے باغ سیونیا تھانے کے ٹی آئی امت سونی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قانونی ضابطوں اور طبی معائنے کے بعد ملزمہ سابق جج کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس ہائی پروفائل معاملے میں گرفتاری کے پیشِ نظر کٹارا ہلز اور باغ سیونیا تھانوں کی بھاری پولیس فورس موقع پر تعینات کی گئی ہے اور گھر کے آس پاس کے راستوں پر بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے۔
گرفتاری سے پہلے جمعرات کو دن بھر جاری رہنے والی کارروائی کے دوران سی بی آئی کی ٹیم نے ڈیجیٹل فارنسک شواہد اکٹھا کرنے پر خصوصی زور دیا۔ تفتیشی ٹیم نے گری بالا سنگھ کے پورے گھر اور احاطے کی ہائی انٹینسیٹی 3D کیمروں کے ذریعے 360 ڈگری ریکارڈنگ کی۔ اس کے ساتھ ہی آس پاس کی جغرافیائی صورتحال اور لوکیشن کو بھی جدید آلات سے اسکین کیا گیا، تاکہ تکنیکی طور پر یہ درست اندازہ لگایا جا سکے کہ واقعے والا کمرہ یا حصہ کسی پڑوسی مکان کی چھت، کھڑکی یا بالکونی سے صاف دکھائی دیتا ہے یا نہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ بدھ کے روز ہی مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلے کو بدلتے ہوئے گری بالا سنگھ کی پیشگی ضمانت کی درخواست کو سرے سے خارج کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اپنے 17 صفحات کے سخت حکم نامے میں واضح کہا تھا کہ متوفیہ کے جسم پر پائے جانے والے مشکوک زخموں، معاملے کی سنگینی اور تفتیش کے ابتدائی دور کو دیکھتے ہوئے ملزمہ کو آزاد چھوڑنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ اسی حکم کو بنیاد بنا کر سی بی آئی نے فوری کارروائی کی۔
معاملے میں ٹویشا کے ملزم شوہر سمرت سنگھ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور وہ 29 مئی تک سی بی آئی کی کسٹڈی ریمانڈ پر ہے۔ سی بی آئی دونوں ملزموں کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ 12 مئی کی رات کٹارا ہلز میں واقع سسرال میں ٹویشا شرما کی لاش مشکوک حالات میں ملی تھی، جس کے بعد 24 مئی کو دہلی ایمس کی ٹیم نے بھوپال آ کر دوبارہ لاش کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ اب اس معاملے کی جانچ سی بی آئی نے اپنے ہاتھوں میں لے لی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن