
اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ نے حال ہی میں اپنے خاندان سے جڑا ایک جذباتی اور ذاتی انکشاف کیا ہے، جو اس وقت خبروں میں ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران پوجا نے اپنے والد مہیش بھٹ اور سوتیلی والدہ سونی رازدان کے رشتے کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ مہیش بھٹ کی پہلی شادی ٹوٹنے کے بعد سونی رازدان کو اس معاملے پر کافی افسوس محسوس ہوتا تھا۔ پوجا نے ایک پرانی گفتگو کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سونی نے ان سے کہا تھا کہ انہیں اس پورے معاملے پر بہت برا لگتا ہے۔
پوجا نے بتایا کہ انہوں نے سونی رازدان سے کہا تھا کہ کوئی بھی مضبوط رشتہ اس وقت تک نہیں ٹوٹتا جب تک اس میں پہلے سے دراڑیں موجود نہ ہوں۔ ان کا ماننا تھا کہ اگر رشتے مکمل طور پر مضبوط ہوں تو کسی تیسرے شخص کے لیے اس میں جگہ بنانا ممکن نہیں ہوتا۔
گفتگو کے دوران پوجا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہیں اپنی والدہ سے پہلے ہی اپنے والد اور سونی رازدان کے رشتے کے بارے میں معلوم ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک رات مہیش بھٹ نے خود انہیں اس بارے میں بتایا تھا اور کہا تھا کہ ان کی زندگی میں کوئی اور آ گیا ہے، لیکن اس سے بیٹی کے لیے ان کی محبت کبھی کم نہیں ہوگی۔
پوجا بھٹ نے کہا کہ انہیں یہ بات اپنے والدین سے براہِ راست سننا زیادہ بہتر لگا، بجائے اس کے کہ وہ اسے کسی میگزین یا لوگوں کی افواہوں کے ذریعے جانتیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس دور میں ان کی والدہ کو کافی تکلیف ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود خاندان میں باہمی احترام برقرار رہا۔
واضح رہے کہ مہیش بھٹ کی پہلی شادی کرن بھٹ سے ہوئی تھی، جن سے پوجا بھٹ اور راہل بھٹ ہیں۔ بعد میں انہوں نے اداکارہ سونی رازدان سے شادی کی، جن سے ان کی دو بیٹیاں عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد