
نئی دہلی، 28 مئی (ہ س)۔ پارٹی لیڈروں نے مرکزی وزیر مملکت برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز ہرش ملہوترا کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی ہے۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہیں پورا بھروسہ ہے کہ ہرش ملہوترا بی جے پی کے نظریے کو زیادہ مضبوطی سے لوگوں تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے ہرش ملہوترا کی کامیاب اور موثر صدارتی مدت کی خواہش کی۔
مرکزی ثقافت اور سیاحت کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ ریاستی صدر کے طور پر ہرش ملہوترا کی تقرری انتہائی خوشی کی بات ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے بھی انہیں نئی ذمہ داری پر مبارکباد دی۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ ہرش ملہوترا کی تنظیم کے لیے دیرینہ لگن، زمین پر کام کرنے کی ان کی روایت اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ ان کا گہرا تعلق ہمیشہ سے متاثر کن رہا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی قیادت میں دہلی بی جے پی کی تنظیم مزید مضبوط ہوگی اور ترقی یافتہ دہلی کے عزم کو نئی رفتار ملے گی۔
دہلی کے کابینہ وزیر پرویش ورما نے ہرش ملہوترا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں تنظیم نئی توانائی، طاقت اور عوام کی خدمت کے عزم کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
ایم پی پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ تنظیم کے دیرینہ رکن ہرش ملہوترا کی بطور صدر تقرری نے پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش پیداکردیا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دہلی بی جے پی کا ہر کارکن وزیر اعظم نریندر مودی کے وکست دہلی اور وکست بھارت کے وژن کو نئی توانائی اور جوش کے ساتھ آگے بڑھائے گا۔
بی جے پی ایم پی منوج تیواری نے بھی ہرش ملہوترا کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں دہلی بی جے پی نئی بلندیاں حاصل کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل وریندر سچدیوا بی جے پی کی دہلی یونٹ کے صدر تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی