
وزیراعلیٰ نے مشہور شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا
بھوپال، 28 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعرات کے روز ’پدم شری‘ سے سرفراز مشہور شاعر بشیر بدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہیں عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعے کہا کہ ’’پدم شری سے سرفراز، معروف شاعر ڈاکٹر بشیر بدر جی کے انتقال پر انہیں دلی خراجِ عقیدت! میری تعزیت غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر بدر نے اپنی شاعری کے ذریعے انسانیت کے ساتھ جینے کا پیغام دیا۔ انہوں نے اپنے کلام سے صدی کے عظیم شعرا میں مقام بنایا اور زندگی کو آسان بنانے کے ہنر بھی دیے۔ان کی تحریریں بے مثال تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔‘‘ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بابا مہاکال سے آنجہانی کی روح کے سکون کے لیے پرارتھنا کی اور سوگوار خاندان اور مداحوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مشہور شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کا جمعرات کی دوپہر بھوپال میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے 91 برس کی عمر میں آخری سانس لی۔ ڈاکٹر بشیر بدر طویل عرصے سے ’ڈیمنشیا‘ نامی بیماری میں مبتلا تھے، جس کی وجہ سے ان کی یادداشت جا چکی تھی اور وہ لوگوں کو پہچان بھی نہیں پا رہے تھے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ان کی صحت مسلسل خراب ہوتی جا رہی تھی۔ ان کے انتقال کی خبر سے لاکھوں مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن