
کولکاتہ، 27 مئی (ہ س)۔
مغربی بنگال کے باراسات سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار نے پارٹی کے اندر تمام تنظیمی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بدھ کو، کاکولی نے پارٹی کے ریاستی صدر سبرتا بخشی کو ایک خط لکھا، جس میں ترنمول مہیلا کانگریس کی چیئرپرسن کے عہدے سمیت تمام تنظیمی ذمہ داریوں سے فارغ ہونے کی درخواست کی گئی۔
وہ تین دن قبل ضلع صدر کے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں۔ اپنے خط میں، کاکولی نے ریاست میںآر جی کر سمیت بدعنوانی کے مختلف معاملات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ راشن گھوٹالہ، اساتذہ کی بھرتی میں بدعنوانی اور بے شمار انتظامی بے ضابطگیوں نے عوام میں بڑے پیمانے پر عدم اطمینان اور عدم اعتماد پیدا کیا ہے۔
آر جی کر میڈیکل کالج اوراسپتال کی سابق طالبہ کاکولی نے 2024 میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کو دبانے کے الزامات نے معاشرے کو چونکا دیا اور اس کا ذاتی طور پر ان پر گہرا اثر پڑا۔ خط میں، انہوں نے پارٹی کے رکن پارلیمان کلیان بنرجی کا نام لیے بغیر انہیں نشانہ بنایا۔ کاکولی نے لکھا کہ اس عہدے پر فائز ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے جہاں کوئی خاتون رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ایک غیر تعلیم یافتہ اور غیر مہذب رکن اسمبلی کے نامناسب رویے کو روک نہیں سکتا، اور اسے سینئر قیادت کی طرف سے حمایت یا ہمدردی نہیں ملتی۔
انہوں نے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی ساز تنظیم آئی پیک کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے۔ کاکولی نے لکھا کہ اگر تنظیم میں کوئی مبہم اور غیر جمہوری اثر بڑھتا ہے تو یہ پارٹی کے نظریے اور روایت کے لیے اچھا نہیں ہے۔
ایم پی نے واضح کیا کہ ان کا فیصلہ کسی ذاتی ناراضگی یا غرور کا نتیجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ ایک عام پارٹی ورکر کے طور پر کام کریں گی اور جمہوریت اور عوام کے تئیں اپنی اخلاقی ذمہ داری کے باعث تنظیمی عہدوں سے سبکدوش ہوئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ