
جموں، 27 مئی (ہ س)۔
ضلع اُدھمپور کے سمرولی علاقے میں توالدی نالہ کے قریب پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں 21 سالہ لڑکی توی ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ متوفیہ کی شناخت نیتا دختر بیٹا سنگھ سکنہ سمرولی کے طور پر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نیتا روزانہ کی طرح اپنے مویشیوں کو پانی پلانے کے لیے ندی کنارے گئی تھی۔ اس دوران توالدی نالہ کے قریب پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے سبب اس کا پیر پھسل گیا اور وہ گہرے پانی میں جاگری۔مقامی افراد نے فوری طور پر شور مچایا، تاہم تیز بہاؤ کے باعث لڑکی پانی میں بہہ گئی۔
اطلاع ملتے ہی جموں و کشمیر پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور غوطہ خوروں کی مدد سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔تقریباً دو گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد جائے حادثہ سے کچھ فاصلے پر لڑکی کی لاش برآمد کر لی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل خانہ پر کہرام مچ گیا۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال اُدھمپور منتقل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر