
وزیراعلیٰ کے دفتر میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا جو منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرے گا۔
لکھنو، 27 مئی (ہ س)۔ جیور بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آپریشن کے ساتھ، مسافروں کو جدید عوامی نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرنے کی تیاری تیز ہوگئی ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے تک آمدورفت کے لیے ابتدائی مرحلے میں 110 الیکٹرک بسوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
بدھ کو اسٹیٹ ٹرانفارمیشن کمیشن کی چوتھی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور وائی ای آئی ڈی اے علاقے میں 500 الیکٹرک بسوں کے آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 جون سے مجوزہ فلائٹ آپریشن سے پہلے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو پوری طرح سے مضبوط کیا جانا چاہیے۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کی تیزی سے توسیع پر بھی زور دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس وقت ریاست میں تقریباً 15.5 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں اور سال 2030 تک 10 ہزار چارجنگ اسٹیشن تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اب تک تقریباً 2500 چارجنگ اسٹیشن کام کررہے ہیں۔
مجوزہ ایکسپریس وے پراجیکٹس کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہتر کنیکٹیویٹی صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو نئی تحریک فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زمین کے حصول اور تبادلے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فرخ آباد لنک ایکسپریس وے کے لیے تقریباً 55 فیصد اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ آگرہ-لکھنو- پوروانچل لنک ایکسپریس وے، جیور لنک ایکسپریس وے اور جھانسی لنک ایکسپریس وے کے لیے ضروری اراضی کا حصول جون کے آخر تک مکمل کر لیا جائے۔ میٹنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ میرٹھ-ہریدوار ایکسپریس وے کے لیے الائنمنٹ کو منظوری دے دی گئی ہے اور زمین کے حصول کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے زیر التواءمعاملات کو فوری حل کرنے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مسلسل بات چیت کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ملٹی ماڈل لاجسٹک ہب کے لیے 323 ہیکٹر اراضی میں سے 301 ہیکٹر کا قبضہ حاصل کر لیا گیا ہے۔ ڈویلپر کے انتخاب کے لیے ٹینڈرنگ کی آخری تاریخ 6 جولائی 2026 تک بڑھا دی گئی ہے۔ دریں اثنا، ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب کے لیے 200 ہیکٹر اراضی میں سے 144 ہیکٹر زمین دستیاب کرائی گئی ہے، اور باقی زمین کے حصول کا عمل جاری ہے۔
انڈسٹریل ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے لیے ماڈل بلڈنگ بائی لاز کو سرمایہ کاری دوست نظام کے لیے ایک اہم بنیاد قرار دیتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمارت کی منظوری کے طریقہ کار کو مزید آسان، شفاف اور وقت کا پابند بنایا جائے۔ اتر پردیش ریاستی دیہی روزی روٹی مشن کا جائزہ لیتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی سطح پر اسکیموں کو موثر طریقے سے چلانے کے لیے مناسب انسانی وسائل دستیاب کرائے جائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاستی سطح پر 136 خالی آسامیوں میں سے 40 آسامیوں کے لیے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور بقیہ 96 اسامیوں کے لیے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلع اور ترقیاتی بلاک کی سطح پر 360 خالی آسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل جاری ہے۔
لکھنو میں مجوزہ سیڈ پارک اور ٹیکسٹائل پارک پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کو ریاست کی زرعی اور صنعتی ترقی سے جوڑ کر تیزی سے آگے بڑھانا چاہیے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیڈ پارک پراجیکٹ کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیموں اور بڑی سیڈ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے اور مزید اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دفاعی راہداری پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش کو دفاعی پیداوار میں ایک سرکردہ ریاست بنانے کے لیے سرمایہ کاروں کو ضروری تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ آئی کنس ہندوستان ایئراسپیس اینڈ ڈیفینس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ نے علی گڑھ ڈیفنس نوڈ میں 125 کروڑ کی سرمایہ کاری کی تجویز پیش کی ہے۔ ٹیکنیکل ایویلیوایشن کمیٹی اور لینڈ الاٹمنٹ کمیٹی پہلے ہی کمپنی کی منظوری کی سفارش کر چکی ہے، اور مزید ترقی جاری ہے۔
جیور بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب مجوزہ ایگریکلچر ایکسپورٹ ہب اور اناو¿ میں ایکوا برج پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زراعت اور ماہی پروری پر مبنی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے کے لیے جدید پروسیسنگ اور ایکسپورٹ سہولیات تیار کی جانی چاہئیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایگری ایکسپورٹ ہب کے لیے 50 ایکڑ اراضی درکار ہے جبکہ فی الحال 29 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اناو¿ میں ایکوا برج پروجیکٹ کے لیے 60 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں فش پروسیسنگ، فیڈ پلانٹ، پیکیجنگ اور ایکسپورٹ سے متعلق سہولیات تیار کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ یوتھ انٹرپرینیور سکیم کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار اور انٹرپرینیور شپ سے جوڑنے کے لیے ا سکیموں کو مزید موثر بنایا جائے۔ اربن چیلنج فنڈ کے تحت مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری کاری کے پیش نظر جدید شہری انفراسٹرکچر کی ترقی کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ اسٹیٹ ٹرانسفارمیشن کمیشن کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے 'سی ایم ریویو' میں شامل پروجیکٹوں کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی سیل تشکیل دے کر ان منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی