
پانچ برسوں میں ممبئی میٹروپولیٹن خطے میں 95 ہزار سے زائد انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاریممبئی ، 27 مئی (ہ س) ممبئی میٹروپولیٹن خطے میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ (آئی ڈی پی) کی مانگ مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ مختلف آر ٹی او دفاتر نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مجموعی طور پر 95 ہزار 935 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے ہیں، جن میں ممبئی سینٹرل آر ٹی او سرفہرست رہا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق امریکہ، کینیڈا، دبئی، جاپان اور مختلف یورپی ممالک کے سفر میں اضافے کے باعث انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’سارتھی‘ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست کا عمل آسان بنائے جانے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ اب انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ممبئی سینٹرل آر ٹی او نے سب سے زیادہ 27 ہزار 657 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے۔ اس کے بعد اندھیری آر ٹی او نے 26 ہزار 101، بوریولی آر ٹی او نے 20 ہزار 17، وڈالا آر ٹی او نے 13 ہزار 597 جبکہ تھانے آر ٹی او نے 8 ہزار 563 انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملازمت، اعلیٰ تعلیم، سیاحت اور طویل قیام کے لیے بیرون ملک جانے والے ممبئی کے شہریوں کی تعداد میں اضافے کے سبب ان اعداد و شمار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ، کینیڈا، دبئی، جاپان اور متعدد یورپی ممالک انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے والوں کی اہم منزلیں بنے ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ یہ پرمٹ بھارتی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو ان ممالک میں قانونی طور پر گاڑی چلانے کی اجازت دیتا ہے، جہاں بین الاقوامی ٹریفک قوانین کے تحت اس دستاویز کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ بیرون ملک طویل عرصے تک قیام یا ملازمت کرنے والوں کے لیے یہ پرمٹ انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔حکام کے مطابق آئی ڈی پی درخواستوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شروع کی گئی ڈیجیٹل اور آسان درخواست کا عمل بھی ہے۔ اب درخواست دہندگان ’سارتھی‘ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، جس سے آر ٹی او دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کافی حد تک کم ہو گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت درخواست دہندگان کو اپنا درست ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات آن لائن اپ لوڈ کرنا ہوتے ہیں۔ اس کے بعد صرف آخری تصدیق کے لیے متعلقہ آر ٹی او دفتر میں حاضر ہونا پڑتا ہے۔ تمام دستاویزات کی جانچ مکمل ہونے کے بعد انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے