
حیدرآباد ، 27 مئی (ہ س) ۔ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اورتلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر وائی ناگی ریڈی نے آج حیدرآباد کے کوکٹ پلی ڈپو میں باقاعدہ طور پر 60 نئی الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا۔ یہ اقدام گرین چیلنج مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ماحول دوست عوامی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کوکٹ پلی کے ایم ایل اے مادھاورم کرشنا راؤ، ایم ایل سی نوین، میڈ چل کے ضلع کلکٹر منوچودھری، آرٹی سی حکام اور مقامی رہنماؤں کی موجودگی میں بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت حیدرآباد میں آلودگی کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے الیکٹرک بسیں متعارف کروا رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ فضائی آلودگی کے معاملے میں یہ شہردوسرا دہلی نہ بن جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت حیدرآباد میں تقریباً 540 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جبکہ پورے تلنگانہ میں تقریباً 1,000 الیکٹرک بسیں فعال ہیں۔ وزیر نے آر ٹی سی ملازمین اور ٹریڈ یونینوں کے حوالے سے بھی کئی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ٹریڈ یونینوں کے لیے شناختی انتخابات جلد کرائے جائیں گے اورمزید کہا کہ منتخب یونینوں کے ساتھ مشاورت کے بعد آر ٹی سی کو سرکاری محکمہ جات میں ضم کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
پونم پربھاکر نے مزید یقین دہانی کرائی کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے لیے پے ریویژن کمیشن (پی آر سی) کی سفارشات کو نافذ کرے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے فعال اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ ہر دوسرے منگل کا دن ملازمین کے مسائل اور شکایات کو سننے اور ان کے حل کے لیے وقف کیا جائے گا۔
۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق