پروفیسر محمد رضوان خان، اے ایم یو کی فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین مقرر
علی گڑھ, 27 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد رضوان خان کو 30 مئی 2026 سے آئندہ دو برس کی مدت کے لیے فیکلٹی آف آرٹس کا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔اس وقت اے ایم یو کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کی اضاف
پروفیسر محمد رضوان


علی گڑھ, 27 مئی (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے شعبہ انگریزی کے پروفیسر محمد رضوان خان کو 30 مئی 2026 سے آئندہ دو برس کی مدت کے لیے فیکلٹی آف آرٹس کا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔اس وقت اے ایم یو کے کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کی اضافی ذمہ داری بھی اُن کے سپرد ہے۔ انہیں تدریس و تحقیق اور تعلیمی نظم و نسق کے میدان میں36برس سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ پروفیسر رضوان خاں نے یونیورسٹی میں متعدد اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں چیئرمین شعبہ انگریزی، ڈائریکٹر انٹرنل کوالٹی ایشورنس سیل، ڈائریکٹر، سینٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن، کنوینر ، نَیک ایکریڈیٹیشن کمیٹی، اور کنوینر اکیڈمک رینکنگ اینڈ پروگریشن کمیٹی کے عہدے شامل ہیں۔

انگریزی زبان کی تدریس، ترجمہ نگاری، ادبی نظریات اور ڈیجیٹل ہیومینٹیز کے شعبوں میں ممتاز ماہر کے طور پر پروفیسر خان نے متعدد پی ایچ ڈی اسکالرز کی رہنمائی کی ہے اور انگریزی زبان کی تدریس، ادبی مطالعات، ترجمہ، ڈیجیٹل ہیومینٹیز اور اعلیٰ تعلیم کے موضوعات پر وسیع پیمانے پر تحقیق شائع کی ہے۔

وہ متعدد کتابوں اور مجموعوں کے مصنف و مرتب ہیں جو کیمبرج یونیورسٹی پریس اور دیگر ممتاز علمی اداروں سے شائع ہوئے۔ ان میں‘‘اِنرِچ یور لینگویج’’، ‘‘بِلڈ یور لینگویج’’، ‘‘اِمپروو یور لینگویج’’ ، ‘‘لاسٹنگ لیگیسیز آف ملک راج آنند: اے ٹریبیوٹ’’ ، ‘‘اسٹڈی اسکلز’’ اور ‘‘پالیسی اینڈ پروویژن فار ای ایس ایل اِن انڈیاز ہائر ایجوکیشن ’’ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے درجنوں تحقیقی مقالات اور ابواب قومی و بین الاقوامی جرائد و کتب میں شائع کئے ہیں۔ پروفیسر خان، تعلیم اور کوالٹی ایشورینس سے متعلق مختلف اقدامات سے وابستہ رہے ہیں جن میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق نصابی اصلاحات، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے پروگرام، بین الاقوامی اشتراکات اور نَیک سے متعلق سرگرمیاں شامل ہیں۔ انہوں نے جدید تدریسی طریقوں کو فروغ دیا اور شعبہ انگریزی میں اوپن بک امتحان متعارف کرایا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ہیومینٹیز اور مختلف ‘گیان’ کورسز میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ سعودی عرب، عمان، اٹلی اور ہنگری کے تعلیمی اداروں میں وزیٹنگ فیکلٹی اور اکیڈمک ایکسپرٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande