
علی گڑھ, 27 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ماڈرن انڈین لینگویجز کے پروفیسر اے نجُم کو 30 مئی 2026 سے ان کی سبکدوشی کی تاریخ 7 مئی 2027 تک کے لئے مذکورہ شعبہ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
ملیالم زبان و ادب کے ممتاز اسکالر پروفیسر اے نجُم نے یونیورسٹی آف کیرالہ سے ملیالم میں ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں اور 5 مئی 2010 کو اے ایم یو میں ملیالم کے پروفیسر مقرر ہوئے۔ وہ اس سے قبل بھی شعبہ ماڈرن انڈین لینگویجز کے چیئرمین اور اے ایم یو سینٹر، ملاپورم کے قائم مقام ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر نجُم نے متعدد پی ایچ ڈی اسکالرز کی رہنمائی کی ہے۔ ملیالم شاعری، لوک ادب، ادبی تنقید اور ثقافتی مطالعات ان کی دلچسپی اور تحقیق کے خاص موضوعات ہیں۔انہوں نے ملیالم زبان میں کئی کتابیں تصنیف اور مرتب کی ہیں، جن میں ‘‘پینّوم ادھیکاروم’’،‘‘نیراریووکل’’، ‘‘کدل بُدھن’’ اور ‘‘ نٹّو پچا’’ شامل ہیں۔ انہوں نے سر سید احمد خان کی سوانح عمری کا ملیالم زبان میں ترجمہ بھی کیا ہے۔
پروفیسر نجُم نے متعدد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں تحقیقی مقالات پیش کیے ہیں اور ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے بورڈ آف اسٹڈیز اور پی ایچ ڈی امتحانی پینل سمیت ملک کی متعدد یونیورسٹیز میں علمی خدمات انجام دی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ