
دھرم شالا، 26 مئی (ہ س)۔ رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار دوسرے سیزن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کوالیفائر-1 کے مقابلے میں بنگلورو نے گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کو 92 رن کے بڑے فرق سے ہرا کر خطابی مقابلے کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بنگلورو نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 254 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ٹیم کی جانب سے کپتان رجت پاٹیدار نے دھماکے دار بلے بازی کرتے ہوئے 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 93 رن بنائے۔ ان کی اننگ میں نو چھکے اور پانچ چوکے شامل رہے۔ اس کے علاوہ وراٹ کوہلی اور کرونال پانڈیا نے 43-43 رن کا تعاون دیا۔
گجرات کی جانب سے کگیسو رباڈا اور جيسن ہولڈر نے دو دو وکٹ لیے، لیکن وہ بنگلورو کے بلے بازوں کو بڑا اسکور بنانے سے روکنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری گجرات ٹائٹنز کی ٹیم دباو میں نظر آئی اور 19.3 اوور میں 162 رن پر سمٹ گئی۔ بنگلورو کے گیند بازوں نے باقاعدہ وقفے پر وکٹ لے کر میچ کو پوری طرح یکطرفہ بنا دیا۔
اس جیت کے ساتھ بنگلورو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ٹیم نے آئی پی ایل پلے آف اور ناک آوٹ مقابلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ گجرات کے نام تھا، جس نے 2023 کے کوالیفائر-2 میں ممبئی کے خلاف 233 رن بنائے تھے۔
اب گجرات کے پاس فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع رہے گا۔ ٹیم الیمینیٹر مقابلے کی فاتح ٹیم سے کوالیفائر-2 کھیلے گی، جبکہ الیمینیٹر مقابلہ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) اور راجستھان رائلز (آر آر) کے درمیان بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن