
علی گڑھ, 27 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ دینیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ریحان اختر نے کہا ہے کہ اسلام عبادت کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی، قانون کے احترام اور عوامی نظم و ضبط کو بھی غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے “نمازِ جمعہ و عیدین: شریعت، سماجی ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل” کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو دینی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نمازِ جمعہ اور عیدین اسلام کے اہم شعائر میں شامل ہیں، جو امت کے اتحاد، دینی شعور اور اجتماعی زندگی کی علامت ہیں۔ تاہم بڑھتی آبادی، ٹریفک کے مسائل، سیکیورٹی اور انتظامی تقاضوں کے باعث بعض مقامات پر بڑے اجتماعات عام شہریوں اور آمدورفت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ریحان اختر نے کہا کہ شریعتِ اسلامی توازن، آسانی اور سماجی ذمہ داری کا درس دیتی ہے۔ اسلام دوسروں کو تکلیف پہنچانے یا عوامی نظام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیتا بلکہ امن، اعتدال اور باہمی احترام کی تعلیم دیتا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ جمعہ اور عیدین کے موقع پر نظم و ضبط برقرار رکھیں، انتظامیہ کی ہدایات کا احترام کریں اور مقامی مساجد، عیدگاہوں یا متبادل مقامات پر پُرامن انداز میں نماز ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بڑی جامع مسجد یا مرکزی عیدگاہ میں گنجائش نہ ہو تو محلہ کی مساجد اور مقامی عیدگاہوں میں نماز ادا کرنا شریعت کے مطابق اور زیادہ مناسب طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت کا اصل مقصد اللہ کی رضا، روحانی تربیت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ