
جونپور، 27 مئی ( ہ س ): اتر پردیش کے ضلع جونپور کے نگر کوتوالی علاقے کے مانک چوک میں واقع کپڑوں کی ایک تھوک دکان میں منگل کی دیر رات مشتبہ حالات میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کا تیار شدہ سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
یہ دکان راجندر پرساد کے بیٹے اروِند کمار کی ہے، جو اصل میں دودھورا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ اروِند کمار کے مطابق آگ لگنے کے وقت دکان میں تقریباً 25 لاکھ روپے کا سامان موجود تھا۔
رات دیر گئے دکان کے شٹر سے دھواں نکلتا دیکھ کر آس پاس کے تاجروں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی دمکل کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
تاہم اس وقت تک دکان میں رکھا کپڑا، بل، نقد رقم اور دیگر سامان مکمل طور پر جل چکا تھا۔ فائر اسٹیشن آفیسر ناگیندر ناتھ دویدی نے بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی ہے۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس کی تصدیق جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔
دکان مالک کے مطابق شادی بیاہ کے سیزن کی وجہ سے دکان مکمل طور پر مال سے بھری ہوئی تھی، جس کے باعث نقصان میں مزید اضافہ ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کا جائزہ لیا اور دکان مالک کی تحریری شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ آگ لگنے کی صحیح وجوہات جاننے کے لیے فارنسک ٹیم کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد