
پٹنہ، 27 مئی (ہ س) ۔بہار کی راجدھانی پٹنہ کے مسورھی تھانہ علاقے میں بدھ کی صبح پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان جھڑپ کے دوران پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک بدنام زمانہ بدمعاش زخمی ہو گیا، جب کہ اس کے ایک ساتھی کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں پر لوٹ، ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ کے 20 سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں کئی ریاستوں کو مطلوب تھے اور کسی بڑی واردات کو انجام دینے تیاری کر رہے تھے۔پٹنہ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایسٹ) پراچھے کمار نے بتایا کہ مسورھی تھانہ کو بدھ کی صبح اطلاع ملی کہ دو مجرم تھانہ علاقے میں سونے اور چاندی کی دکان کو لوٹنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایسٹ) کی نگرانی میں ایک خصوصی چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی۔پولیس ٹیم نے بدمعاشوں کا پتہ لگانے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر چھاپہ ماری شروع کر دی۔ پولیس کی نفری کو دیکھ کر بد معاشوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ بد معاشوں کی جانب سے چلائی گئی ایک گولی پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس کے بعد پولیس نے تحمل اور چوکسی کے ساتھ اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔انکاؤنٹر کے دوران ایک بد معاش اجے پاسوان کے پیر میں گولی لگی، جب کہ اس کے ساتھی اجے یادو کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ زخمی مجرم کو فوری طور پر علاج کے لیے پولیس کی تحویل میں اسپتال لے جایا گیا۔پولیس نے گرفتار ملزمین سے ایک پستول، ایک دیسی ساختہ پستول، چار زندہ کارتوس اور دو خالی کھوکھے برآمد کر لئے ۔ برآمد ہونے والا اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دونوں بدمعاش 13 مئی 2026 کو گوپال پور تھانہ علاقے میں سی ایم ایس کمپنی کی کیش وین کی مسلح ڈکیتی میں ملوث تھے، پولیس نے اس معاملے کو 36 گھنٹوں کے اندر حل کرتے ہوئے کئی بدمعاشو ں کو گرفتار کیا، اور اب دونوں گرفتار بد معاش بھی اس واقعے میں ملوث پائے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان سے ان کے جرائم پیشہ نیٹ ورک اور دیگر ساتھیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ وہ ریاست میں کن کن وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan