اے ایم یو کے شعبہ سائیکیاٹری میں اِسکیزوفرینیا آگہی ہفتہ کا اہتمام
علی گڑھ، 27 مئی (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سائیکیاٹری میں اِسکیزوفرینیا آگہی ہفتہ منایا جا رہا ہے جو 31 مئی تک جاری رہے گا۔ اس کا مقصد اس مرض سے متعلق بیداری کرنا، بروقت تشخیص و علاج کی ترغیب دینا اور ذہنی ام
بیداری پروگرام


علی گڑھ، 27 مئی (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سائیکیاٹری میں اِسکیزوفرینیا آگہی ہفتہ منایا جا رہا ہے جو 31 مئی تک جاری رہے گا۔ اس کا مقصد اس مرض سے متعلق بیداری کرنا، بروقت تشخیص و علاج کی ترغیب دینا اور ذہنی امراض سے وابستہ شرمندگی کے احساس اور رویے کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ اس بیداری ہفتہ کے تحت کمیونٹی سائیکیٹری کلینک میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے ایک نشست منعقد کی گئی جس میں اِسکیزوفرینیا کی ابتدائی علامات اور اس کی بروقت شناخت پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ سیشن ڈاکٹر جیتندر کمار اور ڈاکٹر آیوش نے منعقد کیا جنہوں نے بروقت کاؤنسلنگ اور علاج کی اہمیت پر زور دیا۔

شعبے کی جانب سے ایک علمی پروگرام بھی منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شعبہ سائیکیاٹری کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ریاض الدین نے اِسکیزوفرینیا کے علاج میں درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مرض قابل علاج ہے اور بروقت تشخیص و مداخلت کے ذریعے اس سے پیدا ہونے والی معذوری کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر جیتندر کمار نے مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ پر سماجی بدنامی کے منفی اثرات پر گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر فیصل شان نے نشست کے دوران سماجی بدنامی اور شرمندگی کے خاتمہ کے لیے کارآمد حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی اور معاشرتی تعاون و سماجی قبولیت کی اہمیت بیان کی۔ ڈاکٹر نیہا نے پروگرام کو مربوط کیا، جس میں جونیئر ریزیڈنٹس، نرسنگ اسٹاف، کاؤنسلرز، پی ایچ ڈی اسکالرز، مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande