
راجوری میں جاری آپریشن شیروالی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش
جموں، 26 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے گھنے جنگلات میں چھپے مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے جاری آپریشن ’شیروالی‘ کے دوران سیکورٹی فورسز نے مختصر فائرنگ کے بعد ایک دہشت گرد ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔ اطلاعات کے مطابق ڈوری مال-گمبھیر مغلاں علاقے میں ہفتہ کے روز فوج، جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا، جس کے دوران دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر جھڑپ بھی ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ علاقے میں سخت محاصرہ جاری ہے جبکہ نگرانی کے لیے ڈرونز اور سنفر ڈاگز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے تاکہ جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک خفیہ ٹھکانے سے کھانے پینے کی اشیاء، کولڈ ڈرنکس، پانی کی بوتلیں، اچار، کپڑے، بیگز اور پولیتھین کور برآمد کیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان دہشت گردوں کے زیر استعمال معلوم ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جائے وقوعہ سے خون کے دھبے بھی ملے ہیں، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گرد زخمی ہوئے ہوں گے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں دو سے تین دہشت گردوں کی موجودگی کا شبہ ہے۔ فوج کی وائٹ نائٹ کور نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کی کہ ہفتہ کو صبح تقریباً 11:30 بجے گمبھیر مغلاں علاقے میں دہشت گردوں سے رابطہ قائم ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر