
پرانے شہر میں سڑکوں کی توسیع کیلئے 863 کروڑ روپئے منظورحیدرآباد، 26 مئی (ہ س)۔ تنگ سڑکوں اور روزمرہ کے بدترین ٹریفک جام سے پریشان حیدرآباد کے پرانے شہر کے عوام کے لیے تلنگانہ حکومت نے ایک بڑی اور تاریخی خوشخبری سنائی ہے۔ حکومت کی جانب سے اہم ترین انتظامی منظوریوں کا حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس سے برسوں سے نظر انداز شدہ پرانے شہر کے بنیادی ڈھانچے اورسڑکوں کی توسیع کو زبردست فروغ ملے گا ۔ حکومت نے ایچ۔ سٹی پروجیکٹ کے پیاکیج 4 اور پیاکیج 5 کے تحت سڑکوں کے ترقیاتی کاموں میں کی گئی اہم ترامیم کو منظوری دے دی ہے جس کے تحت جملہ 6 اہم سڑکوں کو وسیع پیمانے پر تعمیر اورچوڑا کیا جائےگا۔ زمین کے حصول کی لاگت میں اضافے پروجیکٹ کے نفاذ میں پیدا ہونے والے مختلف چیلنجس، تاخیر اورروڈ ڈیولپمنٹ پلان کی عدم موجود گی جیسے تکنیکی مسائل کو دورکرتے ہوئے اب ان مخصوص کاموں کے لیے مجموعی طور پر 863 کروڑ روپئے کے بجٹ میں ترامیم کو ہری جھنڈی دکھا دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت 5 دسمبر 2024 کو پرانے شہر میں ٹریفک سگنل کے بغیر سڑکوں کا نظام قائم کرنے کے لیے ایچ۔سٹی پروجیکٹ کا اعلان کیا تھا ۔ 5942 کروڑ روپئے کی بھاری لاگت والے اس بڑے پروجیکٹ کے تحت انتظامیہ نے جملہ 23 علاقوں میں فلائی اوورس ، انڈرپاسیس اور سڑکوں کی توسیع کے کاموں کو شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ سرکاری احکامات کے مطابق پیا کیج 4 کے تحت سڑکوں کی چوڑائی اور ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ جس کی مجموعی لاگت 620 کروڑ روپئے ہے ۔ اس سے پہلے چندرائن گٹہ چوراہے سے بارکس تک سڑک کو 60 فیٹ چوڑاکرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن اب عوامی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے بڑھاکر 80 فیٹ کردیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے عظیم ہوٹل سے چرچ گیٹ تک سڑک کو 80 فیٹ لکی اسٹار ہوٹل سے حافظ بابا نگر تک سڑک کو 40 سے 60 فیٹ بنگلور ہائی وے سے شاستری پورم جنکشن سے انجن باولی تک کی سڑک 100 فیٹ چوڑا کرنے کی منظوری دی ہے ۔ حکومت نے ان تمام 5 اہم کاموں کے لیے ایک ساتھ ٹنڈر طلب کرنے کا عمل شروع کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جس سے چندرائن گٹہ، حافظ بابا نگر ، شاستری پورم اور انجن باولی جیسے گنجان آبادی والے علاقوں کے لائف لائن سڑکوں کا نقشہ بدل جائے گا ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق