
رنویر سنگھ ان دنوں اپنی فلم ’ڈان 3‘ کے تنازع کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں، فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے اداکار کے خلاف نان کوآپریٹوڈائرکٹری جاری کی ہے۔ اس ہدایت کے تحت فیڈریشن سے وابستہ ملازمین، تکنیکی ماہرین اور ممبران اب رنویر سنگھ یا ان کے کسی پروجیکٹ کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔ اداکار کی ٹیم نے اب اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔
رنویر سنگھ کی ٹیم نے ایک بیان میں کہا، رنویر سنگھ فلم انڈسٹری اور 'ڈان3 ' سے جڑے ہر فرد کے لیے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں، انہوں نے جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی ہے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ پیشہ ورانہ بات چیت اور ذاتی تعلقات کے معاملہ کو وقار، پختگی اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عوامی بیانات یا قیاس آرائیوں میں شامل ہونا ضروری محسوس نہیں کیا، ان کی پوری توجہ موجودہ کام اورپیش رفت پر ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب رنویر سنگھ نے مبینہ طور پر فرحان اختر کی فلم ’ڈان 3‘ سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ رپورٹس کے مطابق اداکار اور پروڈیوسر کے درمیان تخلیقی معاملات میں اختلافات پیدا ہو گئے۔ فلم کی تیاریاں مبینہ طور پر اچھی طرح سے آگے بڑھ رہی تھیں ،لیکن رنویر کے اس پروجیکٹ سے الگ ہونے کے نتیجے میں پروڈیوسروں کو کافی نقصان پہنچا۔ ایکسل انٹرٹینمنٹ نے بعد میں اداکار سے 40 کروڑ معاوضے کا مطالبہ کیا، جس کے نتیجے میں مزید تنازعات اور ایف ڈبلیو آئی سی ای کی مداخلت ہوئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی