
حیدرآباد، 26 مئی (ہ س)۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں عیدالاضحی کے موقع پرانتہائی موسلادھار بارش کے امکانات ظاہرکئے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جو پیشن گوئی کی ہے اس کے مطابق 28 مئی سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں انتہائی موسلادھار شدید بارش کا امکان ہے۔بتایا جاتاہے کہ مانسون کی آمد سے قبل ہونے والی بارشوں کا جو سلسلہ شروع ہوگا وہ 28 مئی تا یکم جون جاری رہنے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عید الاضحی کے موقع پر شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تین یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے والی نمایاں کمی کے نتیجہ میں 28 مئی کو دن سے ہی مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور شام کے اوقات میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے جو پیشنگوئی کی ہے اس کے مطابق مانسون کی آمد سے قبل موسم خوشگوار ہونے کا سلسلہ مانسون کی آمد سے چند یوم پہلے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اگر بارش موسلادھار ہوتی ہے تو ایسی صورت میں گرمی سے راحت حاصل ہونے کا امکان ہے اور اگر ہلکی بارش ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست بھر میں رطوبت میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔رطوبت میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی صورت میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گالیکن گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق